عظمیٰ نیوز سروس
بارہمولہ// ضلع کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کل یہاں گورنمنٹ ڈگری کالج (جی ڈی سی) بائز میں ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ نثار احمد وانی نے ایک روزہ میگا جاب فیئر کا افتتاح کیا۔تقریب میں مختلف شعبوں بشمول ہاسپیٹلٹی، بینکنگ، فنانس، انشورنس، ٹرانسپورٹ، آئی ٹی، ایجوکیشن، کنسٹرکشن وغیرہ کے 20 سے زائد آجروں نے شرکت کی۔ اس پروگرام میں ملازمت کے متلاشیوں کی طرف سے زبردست ردعمل بھی دیکھا گیا کیونکہ ضلع بھر میں تقریباً 900 نوجوانوں نے پروگرام میں حصہ لیا۔ضلع بھر میں 20 ایمپلائرز/ملازمت فراہم کرنے والوں کی طرف سے پیش کردہ 500 آسامیوں کے لیے آج تک 207 امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔بعد ازاں تقریباً 42 امیدواروں کو موقع پر ہی آفر لیٹر دئیے گئے۔ مختلف مہارتوں کے حامل ملازمت کے متلاشی افراد کو مختلف ملازمتوں کے لیے کمپنیوں کی طرف سے شارٹ لسٹ کیا گیا، جبکہ حصہ لینے والے امیدواروں سے بھی تاکید کی گئی کہ وہ ملازمت کے مواقع کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے این سی ایس ایمپلائمنٹ پورٹل پر رجسٹر ہوں۔ڈائریکٹر نے اس تقریب کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آن لائن پورٹل jakemp.nic.in پر رجسٹر ہوں اور انہیں بتایا کہ پورٹل کو NCS پورٹل کے ساتھ بھی مربوط کیا گیا ہے جس میں 1.92 لاکھ آجر موجود ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جموں و کشمیر کے 50 ہزار سے زیادہ بے روزگار نوجوان پہلے ہی پلیٹ فارم پر رجسٹر ہو چکے ہیں۔کمپنیوں کے نمائندوں نے صنعت کی بدلتی ہوئی ضرورت اور عصر حاضر میں روزگار کے لیے درکار ملازمت کی مہارتوں سے آگاہ کیا۔