فیاض بخاری
بارہمولہ//انسداد رشوت ستانی بیورو(ACB) نے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر، آر اینڈ بی الیکٹرک ڈویڑن نارتھ (بارہمولہ) سمیت 2افسروں کو رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا۔اینٹی کرپشن بیورو کو مختار احمد انچارج اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئرکے خلاف مبینہ طور پر رشوت وغیرہ کا مطالبہ کرنے کی شکایت موصول ہوئی تھی۔شکایت کنندہ نے اپنی شکایت میں الزام لگایا کہ وہ ٹھیکیدار کے طور پر کام کرتا ہے۔ انہوں نے مین کنٹرول پینل اور سروس لائن کے ساتھ 10 کمروں والی دو منزلہ عمارت کو بسگران اْوڑی، کے ساتھ ٹھیک کرنے کا کام مکمل کر لیا تھا۔ 4لاکھ، 14ہزار 720روپے کی لاگت ٹینڈر کی بنیاد پر شکایت کنندہ نے پورا کام مقررہ مدت میں مکمل کر کے متعلقہ ڈویژن کے حوالے کر دیا۔
لیکن بدقسمتی سے، مختار احمدحتمی ادائیگی جاری کرنے کے لیے 20,000 روپے کی رشوت کا مطالبہ کر رہے تھے۔ شکایت موصول ہونے پر معاملے کی احتیاط سے تصدیق کی گئی اور معلوم ہوا کہ مختیار احمد کے ساتھ ساتھ R&B الیکٹرک سب ڈویژن نارتھ (بارہمولہ) میں تعینات ریاض احمد پیر ورکس سپروائزر سے بالترتیب 20,000 روپے اور 5000 روپے رشوت مانگ رہے تھے۔ حتمی ادائیگیوں کے لیے اپنے کیس پر کارروائی کرنے کے لیے شکایت کنندہ کے ان سرکاری ملازمین کی طرف سے رشوت طلب کرنے کے الزامات پہلی نظر میں سچ ثابت ہوئے۔مقدمہ کے اندراج کے فوراً بعد ٹیپ ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے دونوں ملزمان کو شکایت کنندہ سے رشوت مانگتے اور وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ دونوں کو تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد گرفتار کیا گیا۔