بارہمولہ/ /بارہمولہ قصبہ میں بیشتر اسٹریٹ لائٹس بیکارہوجانے کی وجہ سے عام لوگوں اورتاجروں کوسخت مشکلات کا سامنا کرناپڑ رہا ہے۔قصبہ کے اولڈ ٹاون میں واقع محلہ توحید گنج،آزاد گنج ،خان پورہ،دیوان باغ،خواجہ باغ،مین چوک،سیمنٹ پل اور آزاد گنج پل سمیت دیگر کئی اہم مقامات پر اگرچہ 500 کے قریب اسٹریٹ لائٹس نصب کی گئی ہیں لیکن ان میں سے بیشترلائٹس بیکار پڑی ہیں جس سے رات کے د و ر ان اسپتال آنے والے مریضوں اور عام لوگوں کو زبردست مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔مقامی لوگوں نے کہا کہ اگرچہ قصبہ اور اسکے آس پاس کے مقامات پر یہ اسٹریٹ لائٹس نصب کرنے کیلئے کروڑوں روپئے خرچ کئے گئے ہیں تاہم عوام کو اس کا کوئی فائدہ نہیں پہنچ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب گزشتہ برس اسٹریٹ لائٹس خراب ہونے کی شکایت ضلع کے سابق ڈپٹی کمشنر کی نوٹس میں لائی گئی تھی تو انہوںنے اسی وقت رقومات فراہم کرکے یہ اسٹریٹ لائٹس ٹھیک کرنے اور ترجیحی بنیادوں پر ان کی مرمت کرنے کی افسران پر زور دیا تھا اور بعد میں ان کی مرمت کرکے انہیں چالو بھی کیا گیا تھا لیکن عوام کے بقول صرف ایک مہینہ چلنے کے بعد یہ تمام اسٹریٹ لائٹس پھر سے بیکار ہوگئی جسے شام ہوتے ہی پورا قصبہ اور اس کے آس پاس علاقے گھپ اندھیرے میں ڈوب جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ لا ئٹس کے بیکار رہنے سے نئے اسپتال جانے والے مریضوں ،تیمارداروںاور عام لوگوں کو شدید ترین مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ چو روں ونقب زنوں کے ڈر کا احتمال بھی رہتا ہے۔( کے این ایس)