فیاض بخاری
بارہمولہ //بارہمولہ سے اوڑی تک زیرِ تعمیر دو رویہ قومی شاہراہ پر تعمیراتی کام کی سست رفتاری کے باعث مقامی آبادی، تاجروں اور ٹرانسپورٹروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شاہراہ پر جگہ جگہ جاری تعمیراتی کام، بھاری مشینری کی نقل و حرکت اور سست رفتار پیش رفت کے باعث سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہو چکی ہے، جس سے روزانہ سفر کرنے والے افراد کو دشواریوں کا سامنا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک پر جگہ جگہ گڑھے، مٹی اور گرد و غبار کی بھرمار ہے، جس کے باعث نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے بلکہ حادثات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران یہی سڑک کیچڑ میں تبدیل ہو جاتی ہے جبکہ خشک موسم میں گرد و غبار سے ماحول آلودہ ہو جاتا ہے، جس سے بزرگوں، بچوں اور مریضوں کو شدید پریشانی لاحق رہتی ہے۔دوسری جانب شاہراہ کے کنارے قائم تاجروں نے شکایت کی ہے کہ سڑک کی خراب حالت اور تعمیراتی کام کی سست رفتاری کے باعث ان کے کاروبار بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ کئی تاجروں کے مطابق تعمیراتی منصوبے کے دوران ان کی املاک اور کاروباری سرگرمیوں کو نقصان پہنچا، تاہم انہیں اب تک متعدد تاجروں حکومت کی جانب سے کوئی معاوضہ فراہم نہیں کیا گیا۔متاثرہ تاجروں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فوری طور پر واجب الادا معاوضہ ادا کیا جائے اور تعمیراتی کمپنی کو ہدایت دی جائے کہ منصوبے پر کام میں تیزی لا کر عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔مقامی باشندوں نے بھی متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ بارہمولہ۔اوڑی قومی شاہراہ کی تعمیر کو جلد از جلد مکمل کیا جائے، سڑک کی خراب حالت کو بہتر بنایا جائے اور گرد و غبار پر قابو پانے کے لیے پانی کا باقاعدہ چھڑکاؤ کیا جائے تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔