سرینگر//شوپیان جھڑپ میں زمین بوس ہوئے رہائشی مکان کا ملبہ ہٹائے جانے کے دوران بارودی شیل کے زوردار دھماکے میں ایک10سالہ معصوم بچہ بری طرح سے زخمی ہوا جسے تشویشناک حالت میں صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں داخل کرایا گیا۔اس تصادم آرائی میں گولیوں کی زد میں آکرایک درجن سے زائد بھیڑ بکریوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع بھی موصول ہوئی ہے۔ شوپیان سے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ بدھ کی شام ضلع کے چھئے گنڈ کیگام علاقے میں فورسز اور جنگجوئوں کے مابین خونین جھڑپ ہوئی جس کے نتیجے میں دو مقامی جنگجو اور ایک 17سالہ نوجوان جاں بحق ہوا۔فورسز نے محمد اسماعیل نامی شہری کے رہائشی مکان کو بارودی دھماکے سے زمین بوس کردیا جس میں جنگجو مورچہ زن تھے۔ جمعرات کی دوپہر مقامی لوگ تباہ شدہ مکان کا ملبہ ہٹارہے تھے اور بچوں سمیت مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔عینی شاہدین نے بتایا کہ جب مکان کے ملبے کو کھنگالا جارہا تھا تو وہاں ایک وردار دھماکہ ہوا۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ دھماکہ جنگجوئوں اور فورسز کے درمیان ہوئی جھڑپ کے دوران پھٹنے سے رہ گئے ایک بارودی شیل کے اچانک پھٹنے سے ہوا جس کے باعث وہاں افراتفری اور سنسنی پھیل گئی۔اس واقعہ میں جائے واردات پر موجود10سالہ محمد مشرف نامی بچہ بری طرح سے مضروب ہوا۔اسے نازک حالت میں پہلے ضلع اسپتال پلوامہ اور بعد میں صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ سرینگر منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ بدھ کو ہوئی تصادم آرائی کے دوران13بھیڑ بکریوں کے علاوہ ایک بچھڑا بھی گولی لگنے سے لقمہ اجل بن گیا۔۔