عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میں گاندھی جینتی کے موقع پر ایک پْروقار تقریب کانفرنس ہال میں منعقد کی گئی جس میں طلباء، اساتذہ اور غیر تدریسی عملے نے شرکت کی۔ اس موقع پر مہاتما گاندھی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی لازوال تعلیمات، بالخصوص سچائی، عدم تشدد اور بے لوث خدمت کے اصولوں پر روشنی ڈالی گئی۔یونیورسٹی برادری نے اس موقع پر بھارت کے سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کو بھی ان کی یومِ پیدائش پر یاد کیا اور ان کی سادگی، ایمانداری اور ان کے مشہور نعرے ’جے جوان، جے کسان‘ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر جواد اقبال نے اپنے پیغام میں کہاکہ ’مہاتما گاندھی اور لال بہادر شاستری اخلاقی جرات، انکساری اور خدمتِ خلق کی علامت تھے۔ ان کا وڑن آج بھی ہمیں امن، مساوات اور انصاف پر مبنی معاشرہ قائم کرنے کی رہنمائی فراہم کرتا ہے‘۔رجسٹرار بی جی ایس بی یو، ابھشیک شرما نے کہاکہ ’گاندھی جی اور شاستری جی کی اقدار آج بھی ہماری قوم کیلئے مشعلِ راہ ہیں۔ بی جی ایس بی یو میں ہمارا عزم ہے کہ ان اصولوں کو طلبہ میں پروان چڑھایا جائے تاکہ وہ ذمہ دار اور خدمت گزار شہری بن سکیں‘۔اس موقع پر مقررین میں ڈاکٹر شمس کمال انجم (ایسوسی ایٹ ڈین آف اسٹوڈنٹس) نے طلباء کو روزمرہ زندگی میں سچائی کو اپنانے پر زور دیا، ڈاکٹر دانش اقبال رائنا (میڈیا ایڈوائزر) نے عدم تشدد کی آفاقی اہمیت پر روشنی ڈالی، ڈاکٹر وِشال پوری (پرنسپل، کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی) نے نوجوانوں کو سادگی اور نظم و ضبط اپنانے کی تلقین کی جبکہ ڈاکٹر ظہیر عباس (شعبہ ریاضی) نے کہا کہ گاندھیائی اصول ایک منصفانہ اور مساوی معاشرے کی تشکیل کے لیے آج بھی نہایت اہم ہیں۔