سالانہ تقریب سے لیفٹیننٹ گورنرکا خطاب،کہاجموںوکشمیر ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا جب کسان خوشحال ہونگے
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے جھڑی میلہ کا دورہ کیا او ربابا جتو کی زیارت گاہ پر حاضری دی۔باباجتو اور بوا کوڑی کی شہادت کی یاد میں 10روزہ سالانہ تقریب میں ملک کے مختلف حصوں بالخصوص پنجاب ، ہریانہ ، دہلی اور یوپی سے لاکھوں لوگوں کی مجمع دیکھنے کو مل رہاہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے ایک بہت بڑے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بابا جتو کی زندگی اور قربانی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی ۔اُنہوں نے کہا کہ باباجتو کی عظیم قربانی ہم سب کے لئے ایک مشعل راہ ہے ،ہمارے کسان محنت اوروقار کی علامت ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ایک روشن خیال معاشرے کو کمیونٹی کے ساتھ اِنصاف کو یقینی بنانا چاہیے جو اِنسانیت کی خدمت اور پرورش میں اہم کردار اَدا کر رہی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جھڑی میلہ ہندوستان کے ثقافتی اِتحاد کی علامت ہے اور سماجی اقدار کے دھاگے میں جڑی روایت لوگوں کو ہمارے ورثے ، ثقافت ، فن اور دستکاری کے بارے میں جاننے کا موقعہ فراہم کرتی ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ دیکھنا خوش آئند ہے کہ اِس برس میلہ بڑے پیمانے پر منعقد کیا جارہا ہے تاکہ خطے میں سیاحت کو فروغ دیا سکے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے ترقیاتی عمل میں حکومت اور عوامی شراکت کی اہمیت پر زور دیا ۔اُنہوں نے کہا،’’ ہمیں کمیونٹی سے چلنے والی ترقی پر توجہ دینی چاہیے۔
اِس تاریخی میلے میں آنے والے عقیدت مندوں کی خاطرسہولیات کو بہتر بنانے کے لئے مقامی لوگوں ، پی آر آئیز کے اراکین اور معاشرے کے دیگر شراکت داروں کو مل کر ایک اِدارہ جاتی میکانزم بنانا چاہیے۔ ‘‘اُنہوں نے کہا کہ حکومت جموںوکشمیر اِس بات کو یقینی بنانے کے لئے مضبوط عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے کہ ہر فرد کو مساوی حقوق ، مساوی مواقع او رہرسٹیک ہولڈر کو جموںوکشمیر کی ترقی میں شراکت دار بنایا جائے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموںوکشمیر ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا جب ہمارے کسان خوشحال ہوں گے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر منگلارائے کی زیر قیادت اعلیٰ کمیٹی برائے زراعت کا شت کار برادری کی ترقی کے لئے ایک جامع حل فراہم کرتی ہے اور ہم ضروری اِدارہ جاتی میکانزم اور تعاون کے ساتھ تجاویز کو نافذ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جی نے ملک کو ایک نیا ریزولیوشن دیا ہے جو ہمارے ورثے اور اَپنی ثقافت کو بحال کرے گا ۔اگلے 25 برسوں کا سنہری موقع ہمارے سامنے ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو تیز رفتار ترقی کے لئے سماجی اور ثقافتی اتحاد کو مضبوط بنانے میں اَپنا کردار اَدا کرنا چاہیے۔اِس موقعہ پر ممبر پارلیمنٹ جُگل کشور شرما نے حکومت کی طرف سے زراعت اور اِس سے منسلک شعبوں کو ترقی دینے ، کاشت کار برادری کو بااِختیار بنانے اور کسانوں کی آمدنی بڑھانے کی کوششوں پر زور دیا۔اِس موقعہ پرچیئر مین ڈی ڈی سی جموں بھارت بھوشن نے اَپنے خیالات کا اظہار کیا اور جھیر ی میلہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ضلع ترقیاتی کمشنر جموں اونی لواسا نے آنے والے عقیدت مندوں کی سہولیت کے لئے کئے گئے اِنتظامات کے بارے میں بتایا ۔ جھیری میلے کے دوران کھیلوں او رثقافتی سرگرمیوں کے علاوہ سرکاری سکیموں ، نشا مکت او رسوچھتا مہم کے لئے بیداری مہم چلائی جارہی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ آج تک زائد اَز 6لاکھ عقیدت مند اِس برس کے جھڑی میلے میں وارد ہوئے ہیں۔اَپنے دورے کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے مقامی زرعی پیداوار کی نمائش کر نے والے محکموں کی طرف سے لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ کیا۔اِس موقعہ پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سرکاری محکموں او رمختلف مقابلوں کے فاتحین کو بھی نوازا گیا۔فن کاروں کی جانب سے پیش کئے گئے ثقافتی پرفارمنس اور نکڑ ناٹک نے منشیات کے خلاف بیداری پیدا کی۔اِ س موقعہ پر اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ ، صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار ، ڈی آئی جی ووِیک گپتا ،سابق وزیر سکھ نندن چودھری ، ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی ممبران ، پی آر آئی نمائندے اور بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔