عظمیٰ نیوزسروس
پونچھ //ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پونچھ موہن لال شرما نے ڈپٹی ایس پی ہیڈکوارٹرز پونچھ نیرج شرما کے ہمراہ سرحدی گاؤں شاہپور کا تفصیلی دورہ کیا۔دورے کے دوران افسران نے اگلے علاقوں میں موجود سیکورٹی گرِڈ کا جائزہ لیا اور زمینی سطح پر صورتحال کا براہِ راست مشاہدہ کیا۔ انہوں نے تعینات پولیس و سیکورٹی اہلکاروں سے ملاقات کر کے چوکس رہنے، باہمی ہم آہنگی برقرار رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت ردعمل کی اہمیت پر زور دیا تاکہ سرحدی عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔پولیس افسران نے اس موقع پر مقامی باشندوں سے بھی ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور انہیں مکمل تعاون و حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیس کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔یہ دورہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کے رشتے کو مضبوط بنانے اور حساس سرحدی علاقوں میں ہم آہنگی و سلامتی کو مزید مؤثر بنانے کے مقصد سے کیا گیا۔ضلع پولیس پونچھ، ایس ایس پی کی مجموعی نگرانی میں، ضلع کے تمام سرحدی علاقوں میں امن، ہم آہنگی اور سیکورٹی کو برقرار رکھنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔