عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ میں سڑک حادثات کو کم کرنے کے مقصد سے ایک فعال اقدام کے تحت اے آر ٹی او کشتواڑ تسلیم وانی نے ضلع روڈ سیفٹی رضاکاروں کی ٹیم تشکیل دے کر ایک اہم پہل شروع کی۔ یہ اقدام ڈپٹی کمشنر کشتواڑ راجیش کمار شاون کی طرف سے فراہم کردہ ہدایات کے مطابق کیاگیا تاکہ سڑک حادثات کو کم سے کم کیا جا سکے اور ضلع بھر میں سڑک کی حفاظت کے اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔کشتواڑ کے مختلف بلاکوں کے 50سے زیادہ نوجوانوں کا ایک گروپ پہلے ہی اس متاثر کن ٹیم کا حصہ بننے کے لیے رجسٹر ہو چکا ہے۔ رضاکاروں کے ساتھ ایک ورچوئل میٹنگ کے دوران اے آر ٹی او کشتواڑ نے سڑک کی حفاظت کے اقدامات ٹریفک قوانین اور ٹریفک کی خلاف ورزیوں کی اطلاع دینے کی اہمیت کے بارے میں بڑے پیمانے پر بیداری پھیلانے میں ان سے تعاون طلب کیا۔رضاکاروں کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ حکام کو اپنے علاقوں میں ہونے والی کسی بھی خلاف ورزی کے بارے میں مطلع کریں تاکہ عوامی زندگیوں کے تحفظ کے لیے فوری کارروائی کی جاسکے۔ میٹنگ نے ایک فیڈ بیک سیشن کی سہولت بھی فراہم کی جہاں رضاکاروں نے پہل کو بڑھانے کے لیے قیمتی تجاویز اور معلومات فراہم کیں۔ اے آر ٹی او کشتواڑ نے اس بات پر زور دیا کہ اس ٹیم کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو سڑک کی حفاظت کے اقدامات میں شامل کرنا اور ضلع میں سڑک حادثات کو کم کرنے کے لیے اجتماعی طور پر کام کرنا ہے۔ رضاکاروں کو ایس ڈی آر ایف کے ذریعے مناسب تربیت دی جائے گی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ جائے حادثہ پر ریسکیو کرنے کے لیے ضروری مہارتوں سے لیس ہیں۔