عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// دیوالی سے عین قبل مرکزی حکومت کی جانب سے کروڑوں ملازمین کے لیے ایک بڑی راحت کا اعلان کیا گیا ہے۔ ملازمین کی ریٹائرمنٹ سے متعلق سب سے بڑے ادارے، ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او)نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے اپنے اراکین کو پی ایف کھاتے سے مکمل رقم نکالنے کی اجازت دے دی ہے۔ اب ملازمین اپنے کھاتے میں موجود پوری رقم، یعنی ملازم اور آجر دونوں کے حصے کی جمع شدہ رقم، نکال سکیں گے۔یہ فیصلہ مرکزی ٹرسٹی بورڈ(سی بی ٹی)کی 238ویں میٹنگ میں کیا گیا جو پیر کے روز نئی دہلی میں منعقد ہوئی۔ اجلاس کی صدارت مرکزی وزیر محنت و روزگار منسکھ مانڈویہ نے کی۔
اجلاس میں کئی اہم فیصلوں کو منظوری دی گئی جن میں سب سے نمایاں فیصلہ پی ایف رقم کی مکمل نکاسی سے متعلق تھا۔ اس قدم سے ملک بھر کے سات کروڑ سے زیادہ ای پی ایف اراکین کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔اب تک پی ایف کھاتے سے پوری رقم صرف دو صورتوں میں نکالی جا سکتی تھی، پہلی صورت بے روزگاری کی حالت میں اور دوسری ریٹائرمنٹ کے وقت۔ پہلے کے ضابطے کے مطابق کسی ملازم کو بے روزگاری کے ایک مہینے بعد کھاتے میں جمع رقم کا 75 فیصد اور دو مہینے بعد بقیہ 25 فیصد نکالنے کی اجازت تھی۔ البتہ ریٹائرمنٹ کی صورت میں پوری رقم حاصل کرنے پر کوئی پابندی نہیں تھی۔ اب سی بی ٹی کے تازہ فیصلے کے بعد ان پیچیدگیوں کو ختم کر دیا گیا ہے اور اراکین کو اپنی جمع شدہ رقم کا 100 فیصد حصہ نکالنے کی سہولت دے دی گئی ہے۔ای پی ایف او نے اس فیصلے کے ساتھ نکاسی سے متعلق ضوابط میں بھی بڑی تبدیلیاں کی ہیں۔ اب زمین یا مکان کی خریداری، مکان کی تعمیر یا ای ایم آئی کی ادائیگی جیسے مقاصد کے لیے کھاتے میں موجود رقم کا 90 فیصد تک نکالا جا سکے گا۔ ادارے نے اراکین کی سہولت کے لیے نکاسی کے عمل کو بھی آسان بنایا ہے۔