سرینگر // ڈویژنل کمشنر کشمیر نے ڈائریکٹر سکمز ، پرنسپل جی ایم سی سرینگر اور پرنسپل جے وی سی بمنہ کو ہدایت دی ہے کہ کورونا وائرس مریضوں کے علاج و معالجہ پر نظر رکھنے کیلئے ہفتہ میں ایک دن خصوصی ٹیموں کو شمالی اور جنوبی کشمیر کے مختلف اسپتالوں کا دورہ کرنے کیلئے روانہ کریں۔ ڈیوژنل کمشنر کشمیر کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامہ زیر نمبر DIVCOM/PS/MISC/2021/551-67 بتاریخ 20 مئی 2021میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی توکتھام کیلئے ٹریشری کیئر اسپتالوں میں موجود ڈاکٹروں کا فائدہ اٹھانے کیلئے ٹریشری کیئر اسپتالوں میں علاج کرنے والے ڈاکٹروں کو دیہی علاقوں میں قائم اسپتالوں کا دورہ کرنے کیلئے بھیجے تاکہ وہاں مریضوں کے علاج و معالجہ میں آنے والی مشکلات کا ازالہ کیا جاسکے اور کورونا وائرس سے بہتر طریقے سے نمٹاجاسکے۔ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کو کم کرنے کیلئے اور مریضوں کی منتقلی کو روکنے کیلئے چند اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔ حکم نامہ کے مطابق ڈائریکٹر سکمز صورہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہفتہ میں ایک دن خصوصی ٹیم ایس ڈی ایچ سوپور، سی ایچ سی کپوارہ، ضلع اسپتال بانڈی پورہ اور ضلع اسپتال گاندربل بھیجیں۔ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ پرنسپل جی ایم سی سرینگر ڈاکٹروں کی ایک خصوصی ٹیم ٹروما اسپتال بجبہاڑہ اور ضلع کولگام میں قائم کویڈ اسپتالوں کا دورہ کرنے کیلئے روانہ کریں۔ پرنسپل سکمز میڈیکل کالج بمنہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ڈاکٹروں کی ایک خصوصی ٹیم ہفتہ میں ایک دن ضلع اسپتال پلوامہ اور ضلع اسپتال شوپیان بھیجا کریں۔