سرینگر// جموں کشمیر حکومت نے مرکزی زیر انتظام خطے میں’’ایک ملک ایک راشن کارڈ‘‘ کو فروغ دینے کیلئے چیف سیکریٹری کی سربراہی میں کمیٹی کے قیام کو منظوری دی۔ جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کے پرنسپل سیکریٹری کی جانب سے جاری آرڈر میں کہا گیا ہے کہ چیف سیکریٹری کی سربراہی میں6نفری کمیٹی کی تشکیل کو منظوری دی گئی۔ کمیٹی میں فائنانشل کمشنر (ایڈیشنل چیف سیکریٹری) خزانہ، محکمہ داخلہ کے فائنانشل کمشنر(ایڈیشنل چیف سیکریٹری)،محکمہ محنت و روزگار کے انتظامی سیکریٹری اور محکمہ سماجی بہبود کے انتظامی سیکریٹری اورمحکمہ شہری رسدات،خوراک اور امور صارفین کے انتظامی سیکریٹری،ممبر سیکریٹری ہونگے۔ حکم نامہ میں کہا گیا کہ یہ کمیٹی ’’ ایک ملک ایک راشن کارڈ‘‘ منصوبے کے نفاذ میں رجحانات اور اختراعات کا سہ ماہی جائزہ لے گی۔کمیٹی جموں اور کشمیر میں ایک ملک ایک راشن کارڈسے چلنے والی عوامی تقسیم کاری نظام اصلاحات کو آگے بڑھانے کے لیے شماریات کا تجزیہ، مصنوعی انٹلی جنس اور دیگر ڈاٹاسے چلنے والی ٹیکنالوجی اور ساز و سامان کو شامل کرنے کا جائزہ لے گی۔