راجا ارشاد احمد
گاندربل//ضلع ہسپتال گاندربل میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہونے کے باعث سینکڑوں مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جو روزانہ علاج ومعالجہ کیلئے ہسپتال آتے ہیں۔ ہسپتال میں جہاں ابھی ABHA رجسٹریشن کے بغیرمریضوں کا علاج نہیں کیا جاتا ہے وہیں اب دور دور سے آنے والے مریضوں کو ہسپتال میں ایکسرے مشین خراب ہونے کی وجہ سے مزید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہسپتال میں سال 2016 میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس ایکسرے مشین نصب کی گئی تھی جو پچھلے چار روز سے خراب ہے اور مریض نجی لیبارٹریوںپر ایکسرے کرنے کیلئے مجبور ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ 7 سال کے دوران ہسپتال انتظامیہ نے ایکسرے مشین کے نئے کیسٹ پلیٹ خریدنے کیلئے کوئی کارروائی نہیں کی جبکہ ہسپتال میں روزانہ 70سے80 مریضوں کو ایکسرے کرنے کی صلاح دی جاتی ہے۔ضلع ہسپتال کی میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر نگہت نے اس ضمن میں کہا’’ ایکسرے مشین میں خرابی درست کرنے کیلئے ٹینڈر طلب کئے گئے ہیںاور اگلے ایک دو روز میں مسئلہ حل ہو جائے گا” ۔