سرینگر// چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے ہائی پاورڈ کمیٹی( ایچ پی سی) کی دوسری میٹنگ کی صدارت کی تا کہ نبارڈ کے آر آئی ڈی ایف کے تحت جاری پروجیکٹوں پر جاری کام کا جائیزہ لیا جاسکے۔پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم، کمشنر سیکرٹری آر اینڈ بی، کمشنر سیکرٹری انیمل اینڈ شیپ ہسبنڈری، چیف جنرل منیجر نبارڈ اور دیگر سنیئر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ آر آئی ڈی ایف کے تحت2017-18 کے مالی سال کے دوران آر اینڈ بی، پی ایچ ای، آئی اینڈ ایف سی، صحت، پشو پالن اور زرعی سیکٹروں پر ترقیاتی کام انجام دینے کے لئے445.11 کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں۔چیف سیکرٹری نے انتظامی سیکرٹریوں کو ہدایت دی کہ وہ دستیاب رقومات کا مصرف یقینی بنا کر پروجیکٹ تجاویز نبارڈ کو فنڈنگ کے لئے بھیج دیں۔چیف سیکرٹری نے آر آئی ڈی ایف پروجیکٹوں کو کامیابی کے ساتھ عملانے کے سلسلے میں کے اے ایس افسروں کو دیگر ریاستوں کے دورے پر بھیجنے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ انہیں ضروری تجربہ حاصل ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ واپسی پر یہ افسران اپنے تجربات کے بارے میں ایک پریذنٹیشن دیں گے۔