عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے کہا ہے کہ نیشنل کانفرنس انتقام کی سیاست کر رہی ہے اور الزام لگایا کہ پارٹی جان بوجھ کر ان علاقوں اور لوگوں کو نظر انداز کررہی ہے جنہوں نے اسے ووٹ نہیں دیا۔بخاری نے کہا کہ نیشنل کانفرنس جب بھی اقتدار میں آتی ہے تو یہ بھول جاتی ہے کہ سیاسی وابستگیوں سے قطع نظر سماج کے تمام طبقات کی خدمت کرنا اس کا آئینی فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس جب اقتدار میں ہوتی ہے تو اسے سب کی خدمت کرنا ہوتی ہے لیکن انتقامی سیاست کا سہارا لینا اس کی روایت رہی ہے۔ جنہوں نے اس پارٹی کو ووٹ نہیں دیا وہ اس کا سامنا کر رہے ہیں، ان کی گلیوں میں میکڈم نہیں ڈالاجا رہا ہے، ان کی شکایات کا ازالہ نہیں کیا جا رہا ہے۔بخاری نے کہا، “انتخابات کے دوران، لوگوں کو کسی بھی سیاسی جماعت کی حمایت یا مخالفت کرنے کا حق ہے، لیکن ایک بار جب کوئی جماعت حکومت بنا لیتی ہے، تو اسے بغیر کسی تعصب اور جانبداری کے لوگوں کی خدمت کرنی چاہیے۔”بخاری نے زور دے کر کہا کہ اس طرح کے امتیازی سلوک سے جمہوریت کو نقصان پہنچتا ہے اور اداروں پر عوام کا اعتماد ختم ہوتا ہے۔انہوں نے سیاسی جماعتوں بالخصوص این سی پر زور دیا کہ وہ متعصبانہ سیاست سے اوپر اٹھ کر تمام شہریوں کے ساتھ یکساں سلوک کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ “گڈ گورننس کا مطلب لوگوں کے مسائل کو حل کرنا ہے، نہ کہ ان کے سیاسی انتخاب کی سزا دینا”۔