عظمیٰ نیوز سروس
جموں//صوبائی صدر جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس رتن لال گپتانے جمعہ کے روز جموں و کشمیر کے لوگوں کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لئے نیشنل کانفرنس کے غیر متزلزل عزم پر زور دیا۔انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر کے مقامی نوجوانوں کے لئے ملازمتوں، زمین کے تحفظ، امن اور سلامتی کی مستقل ضمانت کی نمائندگی کررہی ہے ۔انہوں نے جموں و کشمیر کے مستقبل کے لئے ان کے معاشی مواقع کو محفوظ رکھنے اور ہماری کمیونٹیز میں ترقی کو فروغ دینے کے لئے ایک جامع وژن کا خاکہ پیش کیا۔این سی کے سینئر لیڈر نے زمین کے تحفظ کے لئے پارٹی کی لگن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ مقامی زمینوں کو کسی بھی قسم کی تجاوزات یا ناجائز قبضوں سے محفوظ رکھا جائے گا۔موصوف نے کہاکہ ’’ہماری زمین ہماری میراث اور ہمارا مستقبل ‘ہے۔ این سی جموں و کشمیر کے لوگوں کے لئے اس انمول وسائل کی حفاظت کا عہد کرتی ہے۔رتن لال گپتا نے اننت ناگ-راجوری پارلیمانی حلقہ کے لوگوں سے پرجوش اپیل کی کہ وہ بدعنوانی کے خاتمے، بدانتظامی اور غلط حکمرانی سے چھٹکارا پانے کے لئے این سی کے امیدوار میاں الطاف احمد کو ووٹ دیں اور ان کی حمایت کریں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی پراکسی حکومت نے پالیسی کی کمی اور قوت ارادی کی کمی کی وجہ سے بدعنوانی اور بے روزگاری کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جھوٹے وعدوں اور جعلی انعامات کے ذریعے لوگوں کو دھوکہ دے رہی ہے کیونکہ چیزیں صرف سوشل، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر ہو رہی ہیں لیکن زمینی سطح پر غریب عوام بنیادی حقوق اور محض بنیادی سہولیات کے حصول کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔