عظمیٰ نیوز سروس
جموں // قائد حزب اختلاف سنیل شرما نے بدھ کے روز نیشنل کانفرنس پر عوامی مینڈیٹ کا غلط استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے الزام لگایا کہ لینڈ گرانٹس ایکٹ میں ترمیم کے لیے پرائیویٹ ممبر کے بل کی اجازت دینے کے حکومت کے اقدام کا مقصد عوامی اثاثوں اور عام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے بجائے اشرافیہ کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔ایل او پی شرما نے کہا کہ جن لوگوں نے این سی کو ووٹ دیا یہ یقین رکھتے ہوئے کہ یہ ان کے حقوق کے لیے لڑے گی وہ اب مایوسی محسوس کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا”یہ بات انتہائی افسوس کے ساتھ کہتا ہوں، اب آپ کا مینڈیٹ عوامی بھلائی کے لیے نہیں بلکہ اشرافیہ کے مفادات کے تحفظ کے لیے استعمال ہوتا دکھائی دے رہا ہے، خواہ وہ نیڈوس ہو، وزیر اعلیٰ کی ذاتی جائیداد ہو، یا بااثر، کاک ٹیل سرکٹ کے ساتھیوں کا کوئی حلقہ‘‘۔مجوزہ قانون سازی کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے کہا، “ایک پرائیویٹ ممبر کا بل بعنوان ‘لینڈ گرانٹس ایکٹ میں ترامیم’ پیش کیا گیا ہے، اور وزیر اعلیٰ نے اس کی اجازت دینے میں کوئی وقت ضائع نہیں کیا، اس سے سنگین خدشات پیدا ہوتے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ اقدام سرکاری اراضی کے وسیع رقبے کو بے ہنگم قیمتوں پر دوبارہ لیز پر دینے کا مرحلہ طے کر رہا ہے۔” انکا کہنا تھا”اس سے عام شہری کو کیا پیغام جاتا ہے؟” ۔انہوں نے مزید کہا، “یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ عوامی اثاثوں کی حفاظت اور پسماندہ افراد کے لیے انصاف کو یقینی بنانے کے بجائے، حکومت چند مراعات یافتہ طبقے کو فعال اور ان کی سرپرستی کرتی نظر آتی ہے، جنہوں نے طویل عرصے سے غریبوں کی قیمت پر فائدہ اٹھایا ہے۔ یہ صرف مایوس کن نہیں ہے؛ یہ امانت میں خیانت ہے۔”