این سی اور کانگریس کا پاکستان کے ساتھ اتحاد بے نقاب: چگ | دونوں جماعتوں سے پاکستان کی حمایت حاصل کرنے پر وضاحت طلب کی

عظمیٰ نیوزسروس

کٹھوعہ// بی جے پی کے قومی جنرل سیکرٹری ترون چگ نے نیشنل کانفرنس اور کانگریس پر جموں و کشمیر انتخابات کے دوران پاکستان کا ایجنڈا آگے بڑھانے کا الزام عائد کیا۔پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف کے ایک پاکستانی ٹی وی چینل کو دیے گئے بیان کا سخت نوٹس لیتے ہوئے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان اور این سی۔کانگریس اتحاد آرٹیکل 370اور 35اے کی بحالی کے لیے ایک صفحے پر ہیں، چگ، جو جموں و کشمیر کے انچارج بھی ہیں، نے کہا کہ اس سے مکمل طور پر این سی اور کانگریس بے نقاب ہو گئے ہیں کہ وہ پاکستان کا ایجنڈا آگے بڑھا رہے ہیں۔چگ نے کہا کہ اس سے نہ صرف پاکستان کی جموں و کشمیر انتخابات میں مداخلت کی نیت ظاہر ہوتی ہے بلکہ اس بات کی بھی تصدیق ہوتی ہے کہ این سی کے عبداللہ اور کانگریس کے گاندھی خاندان پاکستان کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں تاکہ جموں و کشمیر میں خلل اور بدامنی پیدا کی جا سکے۔عبداللہ خاندان اور گاندھی خاندان سے پاکستان کی آئی ایس آئی کے ساتھ تعلقات کی وضاحت کا مطالبہ کرتے ہوئے چگ نے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ ایک قوم دشمن اتحاد جموں و کشمیر کے عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے پاکستان کی طاقتوں کے اشاروں پر ناچ رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ ماضی میں بھی یہ واضح طور پر ظاہر ہو چکا ہے کہ عبداللہ خاندان جموں و کشمیر کو اس کی ترقی اور پیشرفت سے محروم کرنے کے لیے پاکستان کی آئی ایس آئی کے اشارے پر ایجنڈا آگے بڑھانے کو ترجیح دیتا ہے۔انکاکہناتھا’’یہ عبداللہ خاندان اور گاندھی خاندان کا سب سے اہم ایجنڈا رہا ہے کہ جموں و کشمیر کو افراتفری میں رکھا جائے تاکہ ان کے ذاتی سیاسی مفادات کو جموں و کشمیر کے عام لوگوں کی قیمت پر محفوظ کیا جا سکے‘‘۔چگ نے کہا کہ بی جے پی اس خطرناک اتحاد، جس میں پاکستان کی طاقتیں، این سی اور کانگریس شامل ہیں، پر سخت اعتراض کرتی ہے اور جموں و کشمیر کے عوام کو خبردار کیا کہ وہ اس قوم دشمن جال میں نہ پھنسیں، خاص طور پر جب کہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ شروع ہو چکی ہے۔