عظمیٰ نیوز سروس
جموں //ادھم پور- ڈوڈہ لوک سبھا سیٹ کے لئے ڈی پی اے پی امیدوار جی ایم سروری نے ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس اور نیشنل کانفرنس (این سی) کو مبینہ طور پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے حق میں سیکولر ووٹوں کو تقسیم کرنے کے لئے تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کانگریس اور این سی کی طرف سے استعمال کئے جانے والے تفرقہ انگیز ہتھکنڈوں پر مایوسی کا اظہار کیا اور بی جے پی کے تقسیم کے ایجنڈے کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لئے سیکولر طاقتوں کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔ موصوف نے کہاکہ ’’وہ بی جے پی اور اس کے امیدوار کے خلاف کیوں نہیں بولتے؟ لگتا ہے کہ وہ صرف غلام نبی آزاد پر حملہ کرنے پر مرکوز ہیں‘‘۔ سروڑی نے ریاست کی بحالی اور علاقے کے لوگوں کے لئے زمین اور ملازمت کے حقوق کے تحفظ کے لئے لڑنے کا وعدہ بھی کیا۔ ریاستی حیثیت کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے سروڑی نے جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کے لئے انتھک وکالت کرنے کا عہد کیا۔انہوں نے زمین اور ملازمت کے حقوق کے تحفظ کیلئے ایک مضبوط وکیل بننے کا عزم ظاہر کیا ہے، جو خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے علاقائی جماعتوں کو جھوٹے ایشوز کے ساتھ عوام کو دھوکہ دینے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ سروڑی نے کہاکہ غلام نبی آزاد پارلیمنٹ میں واحد رہنما تھے جنہوں نے آرٹیکل 370 اور ریاست کے لئے پرجوش طریقے سے جدوجہد کی۔ انہوں نے کہاکہ ’’میں وعدہ کرتا ہوں کہ ان کی میراث کو برقرار رکھوں گا اور اسی جذبے کے ساتھ لوگوں کے لئے لڑتا رہوں گا‘‘۔ انہوں نے مذہبی خطوط پر ووٹنگ سے آگے بڑھنے اور ترقی اورامن کو ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا۔