عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اپنی پارٹی سربراہ سید الطاف بخاری نے کہا ہے کہ این سی اور پی ڈی پی کی تاریخ دھوکہ دہی اور فریب کاریوں سے بھری پڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان پارٹیوں کے لیڈروں نے ہمیشہ سادہ لوح لوگوں کو فریب اور دھوکہ دیکر یہاں اپنا خاندانی راج مضبوط کیا ہے۔ الطاف بخاری نے پہلگام میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی خانوادے سالہا سال سے جموں کشمیر اور یہاں کے عوام کے مفادات کو زک پہنچاتے آئے ہیں۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ووٹ کی طاقت کو ان روایتی جماعتوں اور ان کے لیڈروں کیاستحصال سے نجات حاصل کریں۔ماضی میں پی ڈی پی کے ساتھ اپنے اور اپنے ساتھیوں کی وابستگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے، بخاری نے کہا، ’’ہم نے پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کی تھی تاکہ این سی کی دہائیوں پر محیط خاندانی حکمرانی کا خاتمہ کیا جا سکے، ہمیں کیا پتہ تھا کہ یہ پارٹی بذات خود یہاں ایک اور خاندان کا راج قائم کرنے جارہی ہے۔بی جے پی کے ساتھ پی ڈی پی کے طویل یارانہ کے بارے میں، بخاری نے کہا، ’’ 2014 کے اسمبلی انتخابات کے فوراً بعد، میں نے مفتی صاحب سے ملاقات کی۔ انہوں نے بی جے پی کے ساتھ مل کر حکومت قائم کرنے کا من بنالیا تھا، حالانکہ عوام سے یہ کہہ کر ووٹ لئے گئے تھے کہ اگر بی جے پی کو جموں کشمیر میں اقتدار سے دور رکھنا ہے تو پی ڈی پی کو ووٹ دو۔ میں نے بی جے پی کے ساتھ مخلوط حکومت بنانے کے فیصلے کی سخت مخالفت کی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ پی ڈی پی حکومت میں طاقت کے بے جا استعمال سے ہوئیں بچوں کی اموات کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ انہوں نے کہا، ’’دو سو سے زیادہ لوگ مارے گئے، جن میں زیادہ تر بچے تھے، اور ہزاروں لڑکے اور لڑکیاں پیلیٹ گن کے استعمال سے نابینا ہو گئے۔ چھوٹے بچوں کی حفاظت میں ناکامی کے لیے معذرت خواہ ہونے کے بجائے، وزیر اعلیٰ صاحبہ نے ان ہلاکتوں کا یہ کہہ کر جواز پیش کرنے کی کوشش کی کہ ’’کیا یہ بچے اپنے لیے چاکلیٹ اور دودھ لینے گھروں سے نکلتے تھے۔‘‘ یہاں کے لوگ ان بے رحم الفاظ کو لوگ کیسے بھول سکتے ہیں؟ ‘‘۔ بخاری نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ خود کو ان روایتی پارٹیوں خصوصاً سیاسی خاندانوں سے نجات دلائیں۔