گندو//این ایچ ایم ایمپلائز بلاک گندو کی ایک روزہ کنونشن ہفتہ کے روز منعقد ہوئی جس میں بلاک گندو میں ایچ ایچ ایم لازمین کو درپیش مسائل پر تبادلۂ خیالات عمل میں لایا گیااور اُن کو حل کروانے کے لئے ایک لائحۂ عمل ترتیب دیا گیا۔اس موقع پر این ایچ ایم ایمپلائز یونین کے ضلع صدر فیضان علی ترمبو کے علاوہ متعدد دیگر ضلعی سطح کے عہدیداران بھی موجود تھے۔کنونش کے دوران فیضان علی ترمبو اور یونین کے بلاک صدر بھلیسہ حق نواز بٹ نے این ایچ ایم ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی ایچ سی سطح سے لے کر سب سینٹر سطح تک این ایچ ایم ملازمین کو مختلف قسم کی مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اُنہیں اپنے اپنے دائرۂ کار میں ضرورت مندوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام کام انفرادی طور خود کرنا پڑتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں،پیرا میڈیکوز،مینجمنٹ عملہ،آری بی ایس کے،ان سی ڈی اور آئی ڈی ایس پی سمیت تمام این ایچ ایم ملازمین کو متحد ہو کر ایسوسی ایشن کو مزیدمضبوط کرنا ہو گا تاکہ وہ این ایچ ایم برادری کی فلاح و بہبود کے لئے کام کر سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی طرف سے دور دراز دیہی علاقوں میں کام کرنے والے ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملہ کو اضافی مراعات دیئے جانے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی مگر آج تک اُس پر عمل نہ کیا گیا۔میٹنگ میں موجود ڈاکٹروں اور دیگر ملازمین نے کہا کہ اُنہیں دور دراز علاقوں میں اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اُنہیں چوبیس گھنٹے ڈیوٹی انجام دینی پڑتی ہے مگر اُن کی ان پریشانیوں اور مشکلا ت کو سمجھنے وال کوئی نہیں۔میٹنگ کے دوران حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ این ایچ ایم ملازمین کی مستقلی کے لئے ایک جامع پالیسی ترتیب دی جانی چاہیے،اُن کی تنخواہوں میں معقول اضافہ کیا جانا چاہیے،اُن کو وقت پر تنخواہیں ادا کی جانی چاہئیں اور اُن کے تمام دیگر مسائل کا فوری ازالہ کیا جانا چاہیے تاکہ وہ یکسوئی کے ساتھ اپنے اپنے فرائض انجام دے سکیں۔آخر پر بلاک سطح کے عہدیدااران کا انتخاب بھی عمل میں لایا گیا۔اُنہوں نے این ایچ ایم ملازمین سے اپیل کی کہ وہ این ایچ ایم ایمپلائز یونین کو اپما بھر پور تعاون فراہم کر کے مضبوط بنائیں تاکہ وہ اُن کے حقوق کے لئے زیادہ مؤثر طریقہ سے جدوجہد کر سکے۔