سرینگر// سید علی گیلانی نے تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے)کی جانب سے تہاڑ جیل میں مقید آزادی پسندکشمیری راہنماؤں الطاف احمد شاہ، پیر سیف اللہ، ایاز اکبر، راجہ معراج الدین، شاہد الاسلام، نعیم احمد خان، فاروق احمد ڈار، کامران یوسف، جاوید احمد بٹ اور کشمیری تاجر ظہور احمد وٹالی کے خلاف 12,794صفحات پر مشتمل چارج شیٹ دائر کرنے کی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان پر لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ NIAکی جانب سے پیش کئے جارہے تمام الزمات جھوٹ کا پلندہ ہے اوراس کا حقیقت کے ساتھ کوئی بھی تعلق نہیں ہے۔ حریت(گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے کہاکہ یہ سیاسی انتقام گیری ہے جس کو بھارت ہمیشہ مخالف آواز کو دبانے اور ختم کرنے کے لیے استعمال کرتا آیا ہے۔ بھارتی حکمرانوں کی جانب سے یہاں کی سیاسی قیادت کے حوالے سے آئے روز دھمکی آمیز بیانات اور ان کو ریاستی پاور کے ذریعے کچلنے کے عملی اقدامات اور اب بھارتی فوجی سربراہ کے بیان ’’عسکریت اور سیاست کے خلاف ایک ہی پالیسی اپنائی جائے‘‘ سے بھی واضح ہوگیا ہے کہ وہ یہاں کی آزادی پسند آواز کو کچلنے کے لیے ہروہ ظالم حربہ استعمال میں لاکر اس کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔