نیوز ڈیسک
نئی دہلی// این آئی اے نے 2022 میں ریکارڈ 73 معاملے درج کیے جو 2021 میں درج کیے گئے 61 کیسوں سے 19.67 فیصد زیادہ ہے اور یہ ایجنسی کے لیے اب تک سب سے زیادہ ہیں۔ان مقدمات میں جموں و کشمیر، آسام، بہار، دہلی، کرناٹک، کیرالہ، مدھیہ پردیش، مہاراشٹرا، راجستھان، تمل ناڈو، تلنگانہ اور مغربی بنگال جیسی ریاستوں میں دہشت گردی کے 35 واقعات شامل ہیں۔
ان مقدمات میں سے 11 کا تعلق جموں و کشمیر سے، 10 کا بائیں بازو کی انتہا پسندی سے، پانچ کا شمال مشرق سے، سات کا کالعدم تنظیم پاپولر فرنٹ آف انڈیا سے، چار کا پنجاب سے، تین کا گینگسٹر-دہشت گردی-منشیات کے سمگلر گٹھ جوڑ سے، ایک کیس دہشت گردی کی فنڈنگ اور دو جعلی انڈین کرنسی نوٹ سے متعلق مقدمات تھے۔ ایجنسی نے اس سال 368 افراد کے خلاف 59 چارج شیٹ دائر کیں اور 19 مفرور سمیت 456 ملزمان کو گرفتار کیا۔این آئی اے کے مطابق، اس نے دو ملزمین کو ملک بدری اور ایک کو غیر ملکی سرزمین سے حوالگی کے بعد گرفتار کیا۔این آئی اے نے کہا کہ ہندوستان بھر کی مختلف عدالتوں نے 2022 میں 38 مقدمات میں فیصلے سنائے اور ان تمام میں سزا سنائی گئی۔اس میں کہا گیا ہے کہ 109 افراد کو سخت قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے اور چھ کو عمر قید کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔این آئی اے نے کہا کہ کل سزا کی شرح 94.39 فیصد ہے۔مرکزی ایجنسی نے کہا کہ 2022 میں غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت آٹھ افراد کو انفرادی دہشت گرد نامزد کیا گیا ہے اور ان کے خلاف ضروری کارروائی کی جا رہی ہے۔