سرینگر// اینٹوں کی قیمتوں میں من مانے اضافے نے کشمیر کے تعمیراتی شعبے کو بری طرح متاثر کیا ہے اور حکومت نے اینٹوں کے بھٹہ مالکان کے خلاف مقدمات درج کرکے شکایات پر کارروائی کی ہے۔ 3000 اینٹوں کو 28000 سے 34000 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے جبکہ حکومت کی منظور شدہ قیمت 21000 روپے ہے۔مقامی شہری اعجاز احمد، جو صورہ میں مکان تعمیر کر رہا ہے کا کہنا ہے’’ یہ ستم ظریفی ہے کہ حکومتی قیمت کے باوجود ، اینٹوں کے بھٹوں پر بھاری قیمتوں پر اینٹیں بیچ رہے ہیں ، جبکہ حکومت عام لوگوں کو راحت پہنچانے میں ناکام رہی ہے اور لوگوں کو اضافی قیمتیں ادا کرنا پڑ رہی ہیں۔ بہت سارے لوگ اینٹوں کی قیمتوں میں من مانا اضافے کی وجہ سے تعمیرات میں تاخیر کررہے ہیں جس کا جواز نہیں ہے۔‘‘اینٹوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کا اثر تعمیرات کے مجموعی شعبے پر پڑ رہا ہے کیونکہ بہت سے تعمیراتی منصوبے میں تاخیر کا شکار ہیں۔ عوامی شکایات کے بعد وادی میں حکام نے اس سلسلے میں کارروائی شروع کی ہے۔سرکاری بیان کے مطابق ، ڈپٹی کمشنر بڈگام کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ، ضلع بڈگام کے تحصیلداروں نے ضلع میں کام کرنے والے اینٹوں کے بھٹہ یونٹوں کا اچانک دورہ کیا جو مبینہ طور پر زیادہ نرخوں پر اینٹیں فروخت کررہے تھے۔تحصیلداروں نے ٹیمیں تشکیل دے رکھی تھیں اور ان کے ہمراہ نائب تحصیلدار اور پولیس اہلکار بھی موجود تھے۔یہاں یہ ذکر کرنا ضروری ہے کہ ڈی سی بڈگام نے اپنے آفس آرڈر نمبر DCB / Brick klin / 2020/54 کے مطابق ، مورخہ 21.08.2020 میں اینٹوں کی مقررہ شرح 21000 فی 3000 اینٹوں کی گاڑی کی مقرر کی ہے، جس میں نقل و حمل کے علاوہ تمام ٹیکس شامل ہیں۔اس ٹیم نے شکایت کنندہ کے بیانات کا معائنہ اور ریکارڈنگ کرتے ہوئے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ بیرو ہ کے کچھ اینٹوں کے بھٹہ مالکان حد سے زیادہ نرخوں پر اینٹوں کی زیادہ قیمت وصول کررہے ہیں۔یو ں یہ لوگ ڈپٹی کمشنر بڈگام کے جاری کردہ احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے گئے۔خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تحصیلداروں نے موقع پر ہی جرمانہ عائد کیا ، 3 گاڑیاں ضبط کیں اور کہا کہ قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔