بلال فرقانی
سرینگر// سرینگر سمیت جموں کشمیر اور ملک کی قریب 12ریاستوں میں پیٹرول کی مصنوعی قلت پیدا ہوگئی ہے اور اوئل کمپنیوں نے ڈیلروں کی سپلائی میں 60فیصد کمی کردی ہے۔وادی میں پیٹرول کی قلت کی وجہ سے پچھلے تین روز سے پمپوں پر صارفین کی قطاریں دکھائی دینے لگی ہیں۔ جمعرات کو وادی کے کئی پیٹرول پمپ خالی بھی ہوگئے کیونکہ صارفین نے پیٹرول ذخیرہ کرلیا۔لیکن معلوم ہوا ہے کہ امرناتھ یاترا کے پیش نظر وادی میں پیٹرول و ڈیزل کی سپلائی عبوری طور بحال کردی گئی ہے۔کشمیر ویلی پیٹرولیم ڈیلرس اینڈ ٹینکرس ایسوایسی ایشن کے عیدیداروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کشمیر کے ڈویژنل کمشنر نے اوئل کمپنیوں کو ہدایات دیں کہ وہ وادی کے پیٹرول پمپوں کو ضرورت کے مطابق فوری طور پر سپلائی بحال کریں۔ایسوسی ایشن کے ذمہ داران نے بتایا کہ امرناتھ یاترا کے پیش نظر صوبائی کمشنر کی ہدایات پر اوئل کمپنیوں نے عبوری طور پر ڈیلروں کی سپلائی بحال کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں قاضی گنڈ سے اوڑی تک270پیٹرول پمپ کام کررہے ہیں جن میں سے پیشتر تقریباً جمعرات سہ پہر تک خالی ہوگئے تھے لیکن اب سپلائی بحال کردی گئی ہے۔انکا کہنا تھا کہ پیٹرول وادی میں اوسطاً یومیہ پیٹرول 6لاکھ لیٹر اور ڈیزل 12 لاکھ لیٹر فروخت ہوتا ہے۔ایسوسی ایشن نے کہا کہ بنیادی طور پر12ریاستوں میں پیٹرول اور ڈیزل کی زبردست قلت پیدا ہوگئی ہے۔پیٹرول پمپ خشک ہورہے ہیں اور تیل کی سپلائی بتدریج کم ہوتی جارہی ہے۔ ایسوسی ایشن عہدیداروں نے کہاکہ بہار، راجستھان، مدھیہ پردیش، ہریانہ، اڑیسہ، کیرالہ، ہماچل پردیش، گجرات، آندھرا پردیش، جموں کشمیر، پنجاب اور دلی میں ایندھن کی 60فیصد کمی پیدا ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیر اور منگل کو ایسوسی ایشن کی دو اوئل کمپنیوں بھارت پیٹرولیم لمیٹیڈ اور ہندوستان پیٹرولیم لمیٹیڈ کے اعلیٰ حکام کیساتھ دو بار میٹنگیں منعقد ہوئیں جن میں سپلائی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ بظاہر سپلائی میں کوئی کمی نہیں کی گئی ہے لیکن مارکیٹ میں ڈیلرس کو سپلائی ہونے والے ایندھن میں 60فیصد کمی کی گئی ہے اور میٹنگ میں اس بات پر تفصیل کیساتھ بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اوئل کمپنیوں کا کہنا ہے کہ وہ فی الوقت عالمی مارکیٹ میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر 25سے 28روپے کی سبسڈی دے رہے ہیں جو وہ زیادہ دنوں تک برداشت نہیں کرسکتے اور انہوں نے وزارت پیٹرولیم سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کرے۔انہوں نے کہا کہ میٹنگ میں بتایا گیا کہ ڈیلرس پیٹرول اور ڈیزل کی فروخت کم کریں تاکہ کمپنیوں کو نقصانات سے بچایا جاسکے جب تک حکومت پیٹرول اور ڈیزل میں اضافہ نہ کرے۔