عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کٹھوعہ ضلع کے بنی علاقے میں زبردست بارش کے نتیجے میں مکانات کے منہدم ہونے اور مٹی کے تودے گرنے سے ہونے والے جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا۔ایک تعزیتی پیغام میں، لیفٹیننٹ گورنر نے کہا: “میں کٹھوعہ میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے پیش آنے والے المناک واقعہ کے بارے میں جان کر بہت افسردہ ہوں، جس میں متعدد افراد اپنی جانیں گنوا بیٹھے ہیں اور کئی دیگر کے ملبے کے نیچے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ فی الحال ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے۔ میں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ سوگوار خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے، جنہوں نے اپنے قریبی عزیزوں کو کھو دیا ہے اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جائے۔ .مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے بھی ٹویٹر پر اپنے پارلیمانی حلقے میں مسلسل بارش کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں پر دکھ کا اظہار کیا۔سنگھ نے کہا کہ وہ ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی کٹھوعہ شیودیپ سنگھ جموال کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور کہا کہ ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔