عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا آج 2جولائی کو جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس سے امرناتھ یاترا 2026کے پہلے قافلے کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔ اس کے بعد یاتری سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان جڑواں راستوں کیلئے روانہ ہونگے جبکہ امرناتھ گپھا کی یاترا کا باقاعدہ آغاز 3جولائی سے بالتل اور ننون کے بیس کیمپوں سے ہوگا۔ ملک کے مختلف حصوں سے ہزاروں عقیدت مند پہلے ہی جموں پہنچ چکے ہیں۔ ان کی رہائش، رجسٹریشن، طبی سہولیات، ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔اس کے علاوہ جموں۔سرینگر قومی شاہراہ اور یاترا کے دونوں راستوں پر سکیورٹی کے سخت اور کثیر سطحی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ یاتریوں کو محفوظ اور پْرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔ یاترا سے قبل لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا جموں کے توی ریور فرنٹ پر منعقد ہونے والی توی آرتی میں شرکت کریں گے، جسے یاترا کی روحانی ابتدا کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
امرناتھ شرائن بورڈ کی طرف سے یاتریوں کی آسانی سے نقل و حرکت کی سہولت کے لیے مناسب سیکورٹی اور لاجسٹک انتظامات کیے گئے ہیں۔ 57 روزہ یاترا کا آغاز اننت ناگ ضلع میں48 کلومیٹر کے روایتی ننون،پہلگام راستے اور گاندربل ضلع میں14 کلومیٹر طویل بال تل راستے سے 3 جولائی کو بیک وقت شروع ہوگاجبکہ یاترا28اگست کو رکھشابندھن کے دن اختتام پذیر ہوگی۔ سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان بالتل کے راستے جانے والے یاتریوں کا پہلا قافلہ جمعرات کی صبح چار بجے جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے روانہ ہوگا۔ اس کے بعد ایک اور قافلہ صبح 04بجکر 30منٹ سے پہلگام کے روایتی راستے سے مقدس امرناتھ گھپا تک جائے گا۔سالانہ یاترا کے لیے تمام تر سیکورٹی اور انتظامی انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ سرینگر جموں قومی شاہراہ پر سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آرپی ایف) اور دیگر سیکورٹی ایجنسیز کی جانب سے اضافی بنکرس تعمیر کرنے کے ساتھ ساتھ اضافی ناکے بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ یاترا کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ امرناتھ گھپا کو جانے والے راستوں پر ڈرونز سے بھی نگرانی کی جا رہی ہے۔ گھپا کے نزدیک نو کلومیٹر راستے کو نو فلائنگ زون قرار دیا گیا ہے۔یاترا میں خلل ڈالنے کی کسی بھی کوشش کی نگرانی اور اسے روکنے کے لیے ڈرون، سی سی ٹی وی اور ایک مربوط کمانڈ سینٹر سمیت کثیر سطحی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ قومی شاہراہ پر چلنے والی گاڑیوں کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ قومی شاہراہ پر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات دیکھنے کو مل رہے ہیں جگہ جگہ جامہ تلاشی کے علاوہ اضافی بنکرس تعمیر کیے گئے ہیں اور ہائی وے پر فوجی گشت کو بھی بڑھایا گیا ہے۔جنوبی کشمیر میں سیکورٹی کا گرڈ زیادہ مضبوط کیا جا،رہاہے۔
امرناتھ یاترا سے پہلے
ویاڈکٹ،ٹنل کھولی جائے گی:نتن گڈکری
ویاڈکٹ،ٹنل کھولی جائے گی:نتن گڈکری
محمد تسکین
بانہال// روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے بدھ کے روز جموں سرینگر قومی شاہراہ پر دو بڑے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی تکمیل کا اعلان کیا، جس کا مقصد کنیکٹیویٹی کو بہتر بنانا اور وادی کشمیر میں محفوظ، ہر موسم کے سفر کو یقینی بنانا ہے۔ان پروجیکٹوں میں رام بن ضلع میں رامسو کے قریب شمال کی طرف کیریج وے پر 810میٹر لمبا وایاڈکٹ اور ڈگڈول کو پنتھیال سے جوڑنے والے جنوب کی طرف کیریج وے پر 3.5کلومیٹر طویل AT-03ٹنل شامل ہے۔ 680کروڑ روپے کی مشترکہ لاگت سے تعمیر کیے گئے یہ منصوبے اسٹریٹجک قومی شاہراہ کو جدید بنانے کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہیں۔مرکزی وزیر کے مطابق، نیا مکمل شدہ وایاڈکٹ اور سرنگ رام بن بانہال سیکشن کے سب سے زیادہ لینڈ سلائیڈ کے شکار حصوں میں سے ایک کو بائی پاس کرتی ہے، جس سے سڑک کی حفاظت میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے اور سال بھر بلا تعطل رابطہ کو یقینی بنایا جاتا ہے۔گڈکری نے کہا کہ پروجیکٹوں سے سفر کے وقت میں کافی حد تک کمی، مسافروں کی حفاظت کو بہتر بنانے، اور سیاحوں، مقامی باشندوں، دفاعی گاڑیوں، مال بردار ٹریفک اور ضروری سامان کی ہموار نقل و حرکت میں سہولت کی توقع ہے۔دونوں پروجیکٹوں کو سالانہ یاترا سے پہلے 3 جولائی 2026 کو ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا، جس سے یاتریوں کو وادی کشمیر تک ایک محفوظ اور زیادہ قابل اعتماد راستہ ملے گا۔وزیر نے نوٹ کیا کہ کنیکٹیویٹی کو بہتر بنانے کے علاوہ، پروجیکٹوں سے جموں و کشمیر کے نیشنل ہائی وے نیٹ ورک کی لچک کو مضبوط بنانے کی امید ہے جبکہ سیاحت، تجارت اور خطے کی مجموعی اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔
لیفٹیننٹ گورنر کاوزیر اعظم اور گڈکری کااظہار تشکر
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے 810 میٹر طویل وائڈکٹ اور ڈگڈول کو پنتھیال سے قومی شاہراہ پر ملانے والی 3.5 کلومیٹر طویل AT-03ٹنل کی تکمیل کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز نتن گڈکری کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا “جموں و کشمیر کی شاہراہوں اور سڑک کے رابطوں کو تبدیل کرنے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر نتن گڈکری کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ رام بن ضلع میں رامسو کے قریب 810میٹر طویل وایاڈکٹ کی تکمیل اور 3.5 کلومیٹر AT-04 T-03G سے جوڑنا ابھی باقی ہے‘‘۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یہ کلیدی بنیادی ڈھانچہ مقامی لوگوں، سیاحوں، مال برداری اور سیکورٹی فورسز کے لیے ہموار اور ہمہ موسم کی نقل و حرکت کو محفوظ بناتے ہیں، جبکہ لینڈ سلائیڈ کے شکار علاقوں کو نظرانداز کرتے ہوئے یاتریوں کے لیے ایک محفوظ اور بغیر کسی رکاوٹ کے سفر کو یقینی بناتے ہیں۔