یو این آئی
جموں//جموں وکشمیرکے پونچھ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی ) کے نزدیک مشکوک افراد کی نقل وحرکت کے بعد فوج نے ہوائی فائرنگ کی جبکہ کرشناگھاٹی سیکٹر میں ایک مشتبہ پاکستانی ڈرون دیکھا گیا۔پولیس نے کہا کہ درمیانی شب پونچھ سیکٹر کے بیتاڈ پل کے نزدیک مشکوک افراد کی نقل وحمل کے بعد فوج نے چار سے پانچ راونڈ فائر کئے۔ فائرنگ کے بعد فوج اور ایس او جی نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ۔ ایل او سی کے نزدیک جنگلی علاقوں کو سیل کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ فورسز کی اضافی کمک کو جنگلی علاقے کی اور روانہ کیا گیا ہے۔دریں اثنا پونچھ کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں فوج نے ایک پاکستانی ڈرون دیکھا ۔ سیکورٹی فورسزنے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں بھی تلاشی آپریشن لانچ کیا جس دوران فورسزنے کئی جنگلی علاقوں کو محاصرے میں لے لیا ہے۔