سرینگر//پاکستانی فوج اور وزارت خارجہ نے بھارتی میڈیا کے ان دعوﺅں کو مسترد کردیا ہے کہ راﺅلاکوٹ سیکٹر میں کوئی بھی بھارتی فوجی لائن آف کنٹرول عبور کر کے پاکستانی حدود میں داخل ہوا۔منگل کو پاکستانی فوج نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ لائن آف کنٹرول کے رکھ چکری سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال گولی باری کے نتیجے میں اس کے3اہلکار ہلاک ہوگئے۔اس واقعہ کے بارے میں اگر چہ بھارت کی طرف سے سرکاری طور کوئی بیان سامنے نہیں آیا، تاہم میڈیا رپورٹوں میں دفاعی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے یہ دعویٰ کیا گیا کہ فوج کے خصوصی تربیت یافتہ اہلکاروں نے کنٹرول لائن عبور کی اور پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے علاقے میں کارروائی انجام دیکر تین پاکستانی فوجیوں کو ہلاک کردیا۔تاہم پاکستان نے باضابطہ طور ان دعوﺅں کو مسترد کردیا ہے۔اس سلسلے میں پاکستانی دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ پیر کو لائن آف کنٹرول کے رکھ چکری سیکٹر میں ”انڈین فوج کی بلا اشتعال فائرنگ نے غیر ریاستی عناصر کو آئی ای ڈی نصب کرنے کا موقع فراہم کیا جس کے نتیجے میں پاکستان کے تین فوجی اہلکار ہلاک ہوئے“۔ بیان میں کہا گیا ہے ” بھارت کے یہ جھوٹے دعوے لائن آف کنٹرول پر امن کے لیے اچھے نہیں ہیں“۔ پاکستانی فوج نے بھی کسی بھارتی فوجی کے اُس کی حدود میں داخل ہونے کی سختی سے تردید کی ہے۔اس ضمن میں پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یعنی آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے اپنی ٹویٹ میں کہا ” انڈین میڈیا کا یہ دعویٰ اسی بات کا تسلسل ہے جس کے ذریعے وہ اپنے عوام کو مطمئن کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں“۔واضح رہے کہ پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے اسلام آباد میں مقیم بھارت کے نائب ہائی کمشنر کو طلب کر کے اس واقعے کی مذمت کی اور کہا کہ بھارت2003 میں ہونے والے فائر بندی کے معاہدے کا احترام کرے۔(کے ایم این)