جموں //کنٹرول لائن کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکہ میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہو گیا ۔ پولیس کے مطابق سپاہی شادھے سورج ارون دیگر اہلکاروں کے ہمراہ معمول کی گشت پر تھا کہ سواجیاں سیکٹر میں اس کا پائوں اچانک زیر زمین نصب ایک بارودی سرنگ پر جا پڑا جس کے نتیجہ میں آتش گیر مادہ ایک دھماکہ سے پھٹ پڑا اور اہلکار زخمی ہو گیا۔اُدھربی ایس ایف نے ضلع کٹھوعہ کے ہیرا نگر سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر ایک درانداز کو ہلاک کردیا ۔ اگر چہ مہلوک پاکستانی سے کوئی قابل اعتراض شہ برآمد نہیں ہوئی ہے تاہم بی ایس ایف حکام کا دعویٰ ہے کہ وہ عسکریت پسندوں کا گائیڈ تھا۔ بی ایس ایف کے جموں مقیم ترجمان منوج یادو نے بتایا کہ ’’صبح 6:35بجے ہیرا نگر سیکٹر میں تعینات بی ایس ایف اہلکاروں نے ناسازگار موسم کی آڑ میں ایک مشکوک شخص خار دار تار عبور کر کے ہندوستانی علاقہ میں گھس پیٹھ کرنے کی کوشش میں تھا ۔ ترجمان نے کہا کہ بی ایس ایف کی طرف سے چیلنج کئے جانے کے باوجود اس نے دراندازی کا سلسلہ جاری رکھا تو اہلکاروں نے اس پر فائر کھول دیا۔ مہلوک دراندازی کی نعش برآمد کر لی گئی ہے جو کہ 24سال کے قریب عمر کا ہے۔ اس کے قبضہ سے پاکستانی کرنسی میں 90روپے اور دو الیکشن پمفلٹ برآمد ہوئے ۔