یو این آئی
پرتھ/ایشیز سیریز کا پہلا ٹیسٹ صرف دو روز میں ختم ہوگیا جس میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 8وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ اسی حوالے سے آسٹریلیائی اخبار دی ویسٹ نے ایک دل چسپ سرخی کے ساتھ ماحول مزید گرما دیا، جس میں ٹریوس ہیڈ کو ”England’s Daddy’)انگلینڈ کا باپ ) قرار دیا گیا۔ اخبار کے پہلے صفحے پر ٹریوس ہیڈ کی اپنی اہلیہ اور بیٹی کے ساتھ تصویر بھی نمایاں طور پر شائع کی گئی، ساتھ ہی طنزیہ جملہ لکھا گیا کہ “20,000 غمزدہ انگلینڈ فینز کو تین دن کی چھٹی مل گئی۔ خیال رہے کہ پرتھ ٹیسٹ میں اپنی پہلی اننگز میں آسٹریلیائی ٹیم 132 رنز میں ہی سمٹ گئی تھی جس میں اہم کردار بین اسٹوکس نے ادا کیا، انہوں نے آسٹریلیائی بیٹنگ لائن کی تہس نہس کرتے ہوئے 5 وکٹیں اپنے نام کرلی اور پھر بچی کچی کسر برائڈن کاس نے 3 وکٹیں لے کر پوری کردی جبکہ 2 وکٹ جوفرا آرچر نے اپنے نام کی۔ مگر پھر اگلے ہی روز کہانی بدل گئی، اور ٹریوس ہیڈ نے اپنی دوسری اننگز میں انگلش بولرز کی کھل کر پٹائی کی اور 83 گیندوں میں 16 چوکے اور 4 چھکوں کی بدولت 123 رنز بنائے ۔ ٹریوس ہیڈ کے لاٹھی چارج نے انگلش امیدوں کے چراغ بجھا دیے ، اور یوں آسٹریلیائی ٹیم نے میچ دوسرے ہی دن 8 وکٹوں سے اپنے نام کرلیا۔ علم میں رہے کہ پرتھ ٹیسٹ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اپنی پہلی اننگز میں 172 رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم 132 رنز بنا کر 40 رنز کے خسارے میں چلی گئی تھی۔ مہمان انگلش ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 164 رنز بنائے اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 205 رنز کا ہدف ملا جس آسٹریلوی ٹیم نے 2 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔