اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے سب ڈویژنل ہیڈکواٹر گندوہ سے بیس کلومیٹر کی دوری پر کمپارٹمنٹ 57 میں دیودار کا سب سے بڑا درخت دریافت کیا گیا جس کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ یہ ایشیاءکا سب سے بڑا دیودار کا درخت ہے جس کی چوڑائی (گولائی) 35 فٹ ہے۔اس درخت کے تحفظ کیلئے اگر چہ سرکاری طور پر کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں تاہم ڈی ایف او بھدرواہ چندر شیکھر کی قیادت میں محکمہ جنگلات کی ٹیم نے عارضی طور پر اس کی باڑبندی کی ہے۔ ادھر سیول سوسائٹی بھی اس درخت کے تحفظ کیلئے فکرمند ہے اور انتظامیہ سے ہر ممکن تعاون طلب کیا ہے۔اس سلسلہ میں منگل کے روز ڈی ایف او بھدرواہ چندر شیکھر نے ڈی ڈی سی کونسلر چنگا ندیم شریف نیاز، بی ڈی سی چیئرمین محمد عباس راتھر، رینج آفیسر بھلیسہ سریش سنگھ جموال و دیگر پنچائتی اراکین کے ہمراہ چانٹی کا دورہ کرکے اس درخت کا معائنہ کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کمپارٹمنٹ 57 میں موجود دیودار کا ایشیاءکا سب سے بڑا درخت تصور کیا جاتا ہے جس کی چوڑائی 10.5میٹر (35 فٹ) اور لمبائی 40 میٹر کے قریب ہے۔انہوں نے کہا کہ پیڑ کی گہرائی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی عمر سات سو سے نو سال کے آس پاس ہے۔انہوں نے کہا کہ اس درخت کی کھوج ایک سال قبل محکمہ جنگلات کے ملازمین نے کی تھی۔ انہوں نے سیول سوسائٹی، پنچائتی اراکین میڈیا سے اس قیمتی سرمایہ کے تحفظ و دنیا کی توجہ اس طرف لانے میں اپنا مکمل تعاون ادا کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ ہمالیائی خطہ میں اگر چہ اچھی تعداد میں دیودار کے پیڑ موجود ہیں لیکن اسقدر چوڑا و پرانا پیڑ آج تک کہیں دریافت نہیں کیا گیا ہے۔ڈی ڈی سی کونسلر ،بی ڈی سی چیئرمین و پنچائتی اراکین نے اس درخت کے تحفظ کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے کی مقامی لوگوں کو یقین دہانی کروائی اور انہیں اس قسم کے قیمتی سرمایہ کی دیکھ بھال کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ رینج آفیسر بھلیسہ سریش سنگھ جموال نے میڈیا، پنچائتی نمائندگان و سیول سوسائٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیا۔