سرینگر//تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے کہا ہے کہ لالچوک میں ایس پی ایس لائبریری کو اکتوبر مہینے کے آخر تک مکمل کیا جائے گا اور اس کا ڈیزائین وادی کشمیر کی انمول ثقافت اور جدیدیت کا عکاس ہوگا۔ وزیر موصوف نے کل لائبریری عمارت پر جاری کام کا معائنہ کیا۔ تعمیرات عامہ کے کمشنر سیکرٹری اور جے کے پی سی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر کے علاوہ کئی دیگر افسران اُن کے ہمراہ تھے۔ وزیر موصوف کو لائبریری پر جاری کام کے بارے میں مکمل جانکاری دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ لائبریری میں بچوں اور بُزرگ افراد کے علاوہ طالب علموں کے لئے الگ نشستیں قائم کی جائیں گی۔انہوں نے لائبریری میں کشمیر کے روائتی طرز تعمیر سے مطابقت رکھنے والے جدید ڈیزائین کو متعارف کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ اس عمارت کو دُنیا کے مختلف حصوں میں قائم مرکزی لائبریریوں کی طرح ایک معروف لینڈ مارک کا درجہ ملنا چاہئے۔بعد میں وزیر موصوف نے گوگجی باغ میں محکمہ تعمیرات عامہ کی ڈیزائنز انسپیکشن اور کوالٹی کنٹرول لیبارٹری کا بھی دورہ کیا۔ اس موقعہ پر وزیر موصوف کو یہاں انجام دی جانے والی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی گئی۔وزیر موصوف نے عمارت کی خستہ حالی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی تعمیر و تجدید کیلئے ایک کروڑ روپے کو منظوری دی۔نعیم اختر نے کہا کہ محکمہ کوالٹی کنٹرول کو برقرار رکھنے میں ایک اہم رول ادا کرتا ہے اور اس کے ڈھانچے کو مزید مستحکم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے افسروں کو سرینگر اور جموں میں قائم کوالٹی کنٹرول لیبارٹریوں کو صوبائی سطح کی مخصوص کوالٹی کنٹرول لیبارٹریوں میں تبدیل کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ ہمہ جہتی نظام سے ریاست میںتمام تعمیراتی کاموں کے معیار کو یقینی بنایا جاسکے گا۔ تعمیرات عامہ کے چیف انجنیئر کے علاوہ محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔