سرینگر// سر ینگر میونسپل کارپوریشن کے ملازمین کے 2روزکام چھوڑ ہڑ تال کی وجہ سے جہاں مسلسل دو روز تک شہر کے35وارڈوں میں صفائی کا کام ٹھپ رہا وہیں اتوار کو ایس ایم سی کی کئی خصوصی ٹیموں نے سول لائنز اور دیگر کئی علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر صفائی کی جس دوران لال چوک میں مولانا آزاد روڈ پر فٹ پاتھوں کو پانی سے دھویا گیا ۔میونسپل کارپوریشن ملازمین نے جمعہ اور اتوار کو کام چھوڑ ہڑتال کی جس میں صفائی کرمچاری میں شامل رہے ۔جس کی وجہ سے شہر سرینگر میں کوڑا کرکٹ سڑکوں اور گلی کوچوں میں جمع ہوگیا تھا۔ ۔اس دوران اتوار کو ایس ایم سی نے خصوصی صفائی مہم چھیڑ دی اور کئی علاقوں میں صفائی کرمچاریوں نے کوڑا کرکٹ جمع گیا ۔ایس ایم سی کمشنر ڈاکٹر شفقت احمد خان کی نگرانی میں ایک ٹیم نے لال چوک میں صفائی کی جس دوران مولانا آزاد روڈ پر فٹ پاتھ کو دھوایا گیا ۔ایس ایم سی کے چیف سینٹیشن آفیسر سید نثار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مسلسل 2روز تک صفائی نہ ہونے کی وجہ سے شہر میں کافی کوڑا کرکٹ جمع ہوگیا تھا چنانچہ اتوار کو تعطیل کے باوجو د جنگی بنیادوں پر صفائی مہم چھیڑ دی گئی اور شہر سرینگر کے75فیصد حصے میں کوڑا کرکٹ جمع کیا گیا اور صفائی کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ یہ خصوصی مہم آئندہ بھی جاری رہے گی۔