سرینگر//وزیر اعلیٰ کی شکایتی سیل نے سٹاف سلیکشن کمیشن ( ایس ایس سی ) کے طرز پر جے اینڈ کے سروسز سلیکشن بورڈ کی طرف سے جاری بھرتی مہم چلانے پر زور دیا ہے۔ بورڈ کی بھرتی مہم کے بارے میں کئی شکایتوں کی نوٹس لیتے ہوئے وزیرا علیٰ شکایتی سیل کے کواڈنیٹر تصدق حسین مفتی نے چیئرمین ایس ایس آر بی کو ارسال ایک مکتوب کے ذریعے بھرتی مہم میں بہتری لانے کے لئے کئی تجاویز پیش کی ہیں۔انہوںنے کہا کہ مختلف انتظامی محکموں کی طرف سے حاصل کئے گئے اسامیوں کی فہرست سال میں دوبار مشتہر کی جائے یعنی اپریل اور اکتوبر میں اور اُسی حساب سے تحریری امتحانات کا شیڈول بھی ایس ایس سی اور یو پی ایس سی کے طرز پر مرتب کیا جائے۔مکتوب میں کہا گیا ہے کہ بھرتی مہم معیاد بند ہونی چاہئے اور اگلے سیشن سے پہلے ہر لحاظ سے مکمل ہونا چاہئے۔ تحریری امتحانوں کا بار بار ملتوی کرنے کی عمل روکنی چاہئے ۔ امتحانی مراکز ضلع ہیڈ کوارٹر پر قائم کئے جائیں ، جن پر مکمل نگرانی کا انتظام ہو۔مزید تجویز یہ دی گئی ہے کہ بنیادی تعلیمی قابلیت، ضروری تعلیمی قابلیت ، تجربہ وغیرہ ہر اسامی کے لئے مقرر ہونی چاہئے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ اُمید واروں سے وزیر اعلیٰ کے شکایتی سیل کو ایس ایس بی کے بارے میں کئی شکایات موصول ہوئیں اور اس سلسلے میں شکایتی سیل نے فیصلہ کیا کہ ایس ایس بی کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور اس میں شفافیت لانے کے اقدامات کئے جائیں۔