ایس آئی بھرتی میں مبینہ بے ضابطگیاں تحقیقاتی کمیٹی 24 جون تک رپورٹ پیش کریگی

سرینگر// جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ کے ذریعہ جموں و کشمیر پولیس میں سب انسپکٹر کے عہدوں کے لئے “تحریری امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں” کی تحقیقات کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹی کو 24 جون تک اپنی رپورٹ پیش کرنے کو کہا گیا ہے۔فائنانشل کمشنر (ایڈیشنل چیف سکریٹری) محکمہ داخلہ آر کے گوئل کی سربراہی میں، کمیٹی کے ارکان میں پرنسپل سکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ اور سکریٹری محکمہ قانون، انصاف اور پارلیمانی امور شامل ہیں۔ کمیٹی کو ضرورت کے مطابق کوکام کرنے کا اختیار دیا گیا ہے، اسے حکم جاری ہونے کی تاریخ سے 15 دن کے اندر رپورٹ/سفارشات پیش کرنے کو کہا گیا ہے جو کہ 10 جون ہے۔ گزشتہ دنوں ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا نے JKSSB کے ذریعہ سب انسپکٹر کی بھرتی پر سوال اٹھائے تھے، جس کے بعد حکومت نے اس کی تحقیقات کا اعلان کیا تھا۔لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ایڈیشنل چیف سکریٹری ہوم (آر کے گوئل) کی سربراہی میں ایک کمیٹی مقررہ وقت کے اندر اس کی انکوائری کرے گی اور اگر کوئی غلط عمل پایا گیا تو اس کو منسوخ کردیا جائے گا اور بھرتی شفاف طریقے سے کی جائے گی، “۔ منوج سنہا نے 9 جون کو ادھم پور میں ایک تقریب میں کہا، “اب تک کی گئی کسی دوسری بھرتی پر کوئی انگلی نہیں اٹھائی گئی اور اگر لوگوں کے ذہنوں میں خدشات ہیں، تو انتظامیہ کا فرض ہے کہ وہ غیر جانبدارانہ جانچ کرے اور ضروری کارروائی کرے۔