ایجنسیز
تہران//امریکی فوج نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایران پر مسلسل بارہویں رات بھی فضائی حملے کیے، جبکہ دونوں ممالک کی جانب سے بنیادی شہری ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی دھمکیوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایک بیان میں کہا کہ ان حملوں کا مقصد ’’ایران کی علاقائی سمندری راستوں سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کو خطرے میں ڈالنے کی صلاحیت کو مزید کمزور کرنا‘‘ ہے۔ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق امریکی میزائلوں نے بدھ کی رات مغربی ایران کے شہروں اہواز، رامشیر اور اندیمشک کے قریب متعدد مقامات کو نشانہ بنایا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز ایک بار پھر خبردار کیا تھا کہ اگر ایران آبنائے ہرمز میں کسی بھی جہاز پر حملہ کرے گا، تو امریکہ ایسے ہر حملے کے جواب میں ایران میں ایک پل یا بجلی گھر تباہ کر دے گا۔
دوسری طرف ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ان کا ملک ’’آنکھ کے بدلے آنکھ‘‘ کی دفاعی حکمت عملی اختیار کرے گا۔بین الاقوامی قانون کے تحت شہری بنیادی ڈھانچے پر حملے عمومی طور پر ممنوع ہیں، علاوہ اس پہلو کے کہ انہیں براہ راست فوجی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہو۔امریکی فضائی حملے ایسے وقت پر جاری ہیں جب سفارتی کوششوں میں کسی نمایاں پیش رفت کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے۔ایران کے پاسداران انقلاب نے جمعرات کے روز دعویٰ کیا کہ انہوں نے اردن میں امریکی فوج کے متعدد عسکری اثاثوں پر حملے کر کے انہیں تباہ کر دیا۔ سرکاری ٹیلی وڑن سے نشر ہونے والے پاسداران انقلاب کے ایک بیان کے مطابق ان حملوں میں امریکی تھاڈ میزائل دفاعی نظام کے ریڈار، پیٹریاٹ میزائل دفاعی نظام، سی-رام ریڈار اور ایک ہیلی کاپٹر ہینگر کو نشانہ بنایا گیا۔ایران کی فوج نے ایک الگ بیان میں دعویٰ کیا کہ اس نے ایران پر امریکی حملوں کے جواب میں کویت میں قائم متعدد امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔سرکاری ٹیلی وڑن کے مطابق پاسداران انقلاب نے علی السالم ایئر بیس، کیمپ اْدیری اور ایک مواصلاتی ٹاور پر حملوں کا دعویٰ بھی کیا، جبکہ ایرانی فوج نے کیمپ دوحہ، علی السالم ایئر بیس اور کیمپ عارف جان کو اپنے حملوں کا ہدف قرار دیا۔ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں میں تاحال کوئی نمایاں پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔تازہ امریکی فضائی حملوں سے قبل ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے پاکستان کا دورہ کیا، جو اس تنازعے میں اہم ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔