عظمیٰ نیوز ڈیسک
تہران//ایران کی شوریٰ نگہبان نے چھ صدارتی امیدواروں کے ناموں کی منظوری دیتے ہوئے سابق صدر احمدی نژاد کے کاغذات مسترد کر دیے ہیں۔ شوریٰ نگہبان کی طرف سے یہ اعلان اتوار کے روز کیا گیا ہے۔شوریٰ نگہبان نے جن چھ امیدوراوں کو صدارتی الیکشن لڑنے کی اجازت دی ہے، ان میں مسعود بزشئيان، مصطفی بورمحمدی،سعيد جلي، علي رضا زائانی، ر حسن قاضي زاداشمی اور محمد باقر قاليباف شامل ہیں۔ایران میں صدارتی انتخابات کا اعلان 19 مئی کے بعد اس وقت کیا گیا تھا جب ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اپنے وزیر خارجہ حسین امیر عباللہیان سمیت ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں انتقال کر گئے تھے۔ اس ہیلی کاپٹر حادثے میں مجموعی طور پر 7 اہم شخصیات کا انتقال ہوا تھا۔اس واقعے کے دو تین روز بعد ہی نئے صدارتی انتخاب کے پراسس کا اعلان کر دیا گیا۔ جس کے تحت صدارتی انتخاب کی تاریخ 28 جون مقرر پائی۔صدارتی انتخاب کے لیے سابق صدر احمدی نژاد سمیت متعدد اہم شخصیات نے اپنے ناموں کی رجسٹریشن کرائی۔ تاہم صدارتی امیدواروں کے ناموں کو فائنل کرنے والے اعلیٰ ترین فورم شوریٰ نگہبان نے سابق ایرانی صدر احمدی نژاد کو آنے والے صدارتی الیکشن میں حصہ لینے سے روک دیا۔انہیں اس سے پہلے بھی ایک بار شوریٰ نگہبان کی طرف سے انتخاب میں حصہ لینے سے روکا جا چکا ہے۔