نوشہرہ میں ڈرون کی مشتبہ نقل حرکت | حدمتارکہ کے نزدیک سیکورٹی الرٹ جاری
سمت بھارگو
راجوری //راجوری کے نوشہرہ سب ڈویژن ک ے کچھ علاقوں میں ڈرون کی مشتبہ نقل و حرکت پر سیکورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور علاقے میں چوکسی بڑھا دی گئی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کچھ مخصوص انٹیلی جنس اطلاعات ہیں کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب نوشہرہ سب ڈویژن میں لائن آف کنٹرول کے قریب ایک مشتبہ ڈرون کی نقل و حرکت ہوئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ شبہ ہے کہ ایک مشتبہ ڈرون کی نقل و حرکت کا عمل نوشہرہ میں لائن آف کنٹرول کے قریب دیہات میں ہوئی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس شبہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے سیکورٹی فورسز نے نوشہرہ سب ڈویژن کے لئے الرٹ جاری کیا ہے جس کے ساتھ ہی سب ڈویژن میں سیکورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے۔سرکاری ذرائع نے مزید بتایا کہ سب ڈویژن میںسیکورٹی کو مضبوط بنانے کے لئے فوج اور پولیس نے مشترکہ طور پر تمام ممکنہ اقدامات کئے ہیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈرون کی نقل و حرکت اور ان کا استعمال کرتے ہوئے ہتھیاروں کو گرانا پورے جموں و کشمیر میں ایک سنگین سیکورٹی چیلنج بن گیا ہے اور حال ہی میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ڈرون کے ذریعے ہتھیاروں اور گولہ بارود کو کئی علاقوں میں گرایا گیا ہے۔ اسلحہ اور گولہ بارود کے یہ پے لوڈ لشکر طیبہ کے دہشت گرد طالب حسین شاہ کے زیر انتظام دہشت گردی کے ماڈیول کے ذریعے جمع کئے گئے تھے جنہیں حال ہی میں گرفتار کیا گیا ہے اور دہشت گردی اور جرائم کے متعدد مقدمات میں ملوث پایا گیا ہے۔
مشتبہ نقل و حرکت کے بعد فائرنگ | علاقے کو گھیرے میں لے کا تلاشی شروع
سمت بھارگو
راجوری//سیکورٹی فورسز نے راجوری کے بدھل کے ایک علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور گاؤں کی دفاعی کمیٹی (وی ڈی سی) کے کچھ ممبران کے علاقے میں مشتبہ نقل و حرکت پر فائرنگ کے بعد تلاشی شروع کر دی ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق، منگل کی شام تقریباً 9 بجے، شاہپور گاؤں کے مقامی شخص نے علاقے میں مشتبہ حرکت دیکھی جس نے اس حرکت کو دیکھنے کی کوشش کی تاہم مشتبہ افراد نے پتھر پھینکے جس سے وہ شخص زخمی ہوگیا۔مذکورہ شخص، جو ویلج ڈیفنس کمیٹی (VDC) کا ممبر بھی ہے،نے اپنی303رائفل کا استعمال کرتے ہوئے مشتبہ افراد پر فائرنگ کر دی جس کے بعد علاقے کے دیگر VDC ارکان نے بھی فائرنگ شروع کر دی اور ایک درجن سے زائد گولیاں چلنے کی آوازیں سنی گئیں۔مکینوں نے مزید دعویٰ کیا کہ علاقے میں موجود مشتبہ افراد نے وی ڈی سی کے ارکان پر دو گولیاں بھی چلائیں اور موقع سے فرار ہوگئے۔دریں اثناء حکام نے بتایا کہ واقعہ کے فوراً بعد مقامی کیمپ سے فوج کی ٹیمیں اور کنڈی اور بدھل تھانوں کی پولیس ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اورعلاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی شروع کی۔ان کا کہنا تھا کہ تلاشی بدھ کی صبح کے اوقات میں شروع کی گئی تھی اور شام دیر گئے تک جاری رہی جبکہ پولیس نے بدھل تھانے میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ بھی درج کر لیا ہے۔
بیری پتن میں 4برسوں سے ہیلتھ سب سنٹر نامکمل | 4دیہات میں ہزاروں کی آبادی طبی سہولیات سے محروم
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے بیری پتن جاوہ علاقہ میں 4برسوں سے ایک ہیلتھ سنٹر کو مکمل نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے علاقہ کی 3ہزار سے زائد آبادی کو معیار ی طبی سہولیات میسر نہیں ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ محکمہ صحت کی جانب سے منظور شدہ ہیلتھ سب سنٹر کا تعمیر عمل 4برس قبل شروع کیاگیا تھا لیکن زمین ہموار کرنے اور بنیاد ڈالنے کے بعد اس عمل کو یوں ہی چھوڑ دیا گیا ہے ۔علاقہ معززین نے بتایا کہ ہیلتھ سنٹر کی تعمیر کاعمل شروع ہونے کیساتھ ہی مقامی سطح پر لوگوں کو خوشی پائی جارہی تھی کیونکہ اس سے قبل وہ چھوٹی چھوٹی بیماریوں کے علاج معالجہ کیلئے نوشہرہ راجوری اور دیگر ہسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور تھے تاہم متعلقہ تعمیراتی ایجنسی نے بھی ا ن کی مشکلات کو کم نہیں کیا ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ کی جانب سے چار برسو ں میں محض بنیادیں ہی رکھی گئی ہیں جبکہ اس کے بعد تعمیر اتی عمل کو یوں ہی چھوڑ دیاگیا ہے ۔علاقہ مکینوں بالخصوص روی داس ،راج کمار اور سیما دیو ی نے بتایا کہ مذکورہ سنٹر کا تعمیر اتی عمل رک جانے کی وجہ سے عام لوگوں کو اس جدید دور میں بھی معیاری بنیادی سہولیات میسر نہیں ہورہی ہیں ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ پر لاپرواہی کا الزام عائد کرتے ہوئے مانگ کی کہ مذکورہ ہیلتھ سنٹر کی عمارت کی تعمیر کا عمل جلداز جلد شروع کروایا جائے تاکہ ان کی دقتیں کم ہو سکیں ۔
سنئی میں گاڑیوں کا آپسی تصادم
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ کے صدر مقام سے الگ بھگ چھ کلو میٹر کی دورسنئی میں دو گاڑیوں کے مابین آپسی تصادم ہوا تاہم اس دوران کسی جانی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ حادثہ وڈیو کوچ زیر نمبر JK02AH-0247اور سکارپیو زیر نمبر JK12-8818کے مابین ہوا ۔انہوں نے بتایا کہ دونوں گاڑیوں کے درمیان تیز رفتاری کی وجہ سے زور دار ٹکر ہوئی تاہم اس دوران گاڑیوں میں سوار مسافر کچھ حد تک محفوظ رہے ۔اس دوران ایس ڈی پی او سرنکوٹ تنویر جیلانی موقعہ پر پہنچ گئے جبکہ گاڑیوں کو پولیس نے تحویل میں لے کر کیس درج کر نے کاحکم جاری کردیا ہے ۔دوسری جانب ڈی ڈی سی سرنکوٹ سوہیل ملک نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ گریف حکام کی لاپرواہی کی وجہ سے مذکورہ نوعیت کے حادثات رونما ہو رہے ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ سرنکوٹ میں خستہ حال سڑکوں کی مرمت کیلئے متعلقہ تعمیراتی ایجنسیوں کو ہدایت جاری کی جائیں
حاجی عبدالرزاق چوہدری کی وفات | تعزیت کیلئے میاں الطاف سرنکوٹ پہنچے
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ کے معروف ٹھیکیدار و سماجی کارکن اور سرنکوٹ سیول سوسائٹی کے اہم رکن حاجی عبدالرزاق چوہدری المعروف حاجی شونکی کی گزشتہ روز صورہ ہسپتال میں حرکت قلب بند ہو جانے سے انتقال ہو گیا تھا جس کے بعد تعزیت کیلئے سابق وزیر اور گدی نشین لار شریف میاں الطاف سرنکوٹ مرحوم کے گھر مڑہوٹ پہنچے ان کے ہمراہ سابق رکن ممبر اسمبلی سرنکوٹ چوہدری محمد اکرم ،یونس چوہدری عبدالغنی و دیگران شامل تھے۔ موصوف نے مرحوم کی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک نہایت ایماندار اور خوش اخلاق انسان تھے جن کی وفات نے سے راجوری پونچھ و کشمیر میں گوجر طبقہ کا ایک بڑا نقصان ہے ۔موصوف نے کہاکہ مرحوم نہ صرف ایک ٹھیکیدار بلکہ گوجری کے شاعر بھی تھے ۔انہوں نے اہل خانہ کیساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی ہے ۔
پیڑی میں مویشی خانہ منہدم
راجوری//گزشتہ دنوں ہوئی شدید بارشوں کے بعد راجوری کے پیڑی علاقہ میں ایک مویشی خانہ منہدم ہوگیا جس کی وجہ سے ایک غریب کنبہ کے مویشی لقمہ اجل بن گئے ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ سب ڈویژن کوٹرنکہ کی پنچایت پیڑی کے ارشد حسین مرزا کا مویشی خانہ بارش کی وجہ سے منہدم ہوگیا جس کی وجہ سے اس مویشی خانے میں موجود ایک بھینس موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گئی جبکہ دیگر مویشی زخمی ہوگئے ۔اس دوران پیڑی پولیس پوسٹ کو جانکاری موصول ہونے کے بعد پولیس کی ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی اور مقامی لوگوں کیساتھ مل کر بچائو کارروائی شروع کی تاہم اس دوران مذکورہ شخص کا رہائشی مکان کو بھی خطرہ لائق ہو گیا ہے ۔مقامی معززین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ نقصان کا تخمینہ لگا کر متاثرین کو معاوضہ دیا جائے ۔
بلاک دیوس کے تحت منڈی میں عوامی دربار
عشرت حسین بٹ
منڈی// ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت کی صدارت میں تحصیل صدر مقام منڈی میں عوامی دربار لگایا گیا جس میں منڈی تحصیل کی متعدد پنچایتوں کے پنچوں سرپنچوں اور عوام نے شرکت کر کے اپنے اپنے علاقہ جات میں درپیش عوامی معاملات کو انتظامیہ کے سامنے رکھا ۔اس دربار کے دوران حالیہ شدید بارشوں سے علاقوں میں بڑے پیمانے پر ہوے نقصانات کا معاملہ سرفہرست رہاجبکہ سڑکوں کی بربادی اور ٹھیکیداروں کی جانب سے کم ریٹ پرٹینڈر ڈالنے پر بھی عوام کی جانب سے برہمی کا اظہار کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ دیگر فنڈس کی طرح کپکس پلان کی ٹینڈرسے بچنے والی رقم کا ٹینڈرڈالنے کو منظوری دی جاے تاکہ مجوزہ رقم پنچایتوں میں ہی استعمال ہوسکے۔ اس کے علاوہ مختلف محکموں میں حالیہ اٹیچ منٹوں کو ختم کرنے سے پیداشدہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔اس دوران دیگر مسائل کو زیر غور لایاگیاجس پر ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے تمام تر مسائل کو مرحلہ وار پوراکرنے کا عوام اور پنچایتی نمائندوں کو یقین دلایااور بعض کاموں کے بارے میں موقعہ پر ہی متعلقہ آفیسران کو پوراکرنے کی ہدایت جاری کیں۔
تھنہ منڈی میں مصنوعی امدادی کیمپ کا انعقاد
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری وکاس کنڈل اور ضلع سماجی بہبود افسر راجوری وکیل بھٹ کی ہدایت پر تھنہ منڈی میں ایک مصنوعی امدادی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر چیئرمین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمد میر نے محکمہ سماجی بہبود کے زیر اہتمام ایک کیمپ میں 80 مستحقین میں مختلف مصنوعی امدادی سامان تقسیم کیا۔ انھوں نے خصوصی طور پر معذور افراد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے، اور انھیں اپنے طور پر کھڑا کرنے اور معاشرے میں باوقار زندگی گزارنے کیلئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ میر نے حکومت کی طرف سے خصوصی طور پر معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لئے کئے جانے والے مختلف اقدامات پر بھی روشنی ڈالی جن میں پنشن کی شکل میں مالی امداد، مفت تعلیم، مفت طبی علاج پیشہ ورانہ پروگرام وغیرہ شامل ہیں۔انھوں نے کہا کہ سماجی بہبود کا شعبہ ضرورت مندوں کی مدد کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ چیئرمین میونسپل کمیٹی نے مزید کہا کہ اس زمرے میں آنے والے لوگوں کی بڑی تعداد ان فوائد سے فائدہ اٹھا رہی ہے۔ وہیں تحصیل سوشل ویلفیئر آفیسر تھنہ منڈی شاہد ممتاز نے بتایا کہ تقسیم کئے جانے والے مصنوعی آلات میں واکنگ اسٹکس، بیساکھی، سماعت کے آلات، ٹرائی سائیکل، وہیل چیئر وغیرہ شامل ہیں۔ اس پروگرام میں ایس ڈی ایم تھنہ منڈی وکاس دھر اور تحصیلدار تھنہ منڈی ساحل علی شاہ کے علاوہ دیگر کئی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ پروگرام کے آخر میں مستحق و مستفید افراد نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری اور محکمہ سماجی بہبود کا بطور خاص شکریہ ادا کیا۔
پونچھ میں تلاشی مہم چلائی گئی
پونچھ //سیکورٹی فورسز نے پونچھ ضلع میں ایک تلاشی مہم چلائی ۔ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے بدھ کے روز پونچھ کے دیہات میں تلاشی لی اور حکام نے اس آپریشن کو علاقے پر تسلط کی مشق قرار دیا۔حکام نے بتایا کہ فوج، پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیموں نے پونچھ کے دیہات میں تلاشی مہم شروع کی اور آپریشن بدھ کی صبح شروع کیا گیا اور شام کے اوقات میں ختم ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ اس آپریشن کے دوران دیہات کے علاقوں کی تلاشی لی گئی جبکہ مذکورہ عمل علاقے پر تسلط کی مشق تھی۔
گورنمنٹ کالج کے بینرتلے انٹر کالج ڈیبیٹ مقابلہ کا انعقاد
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن جموں کے این ایس ایس یونٹ نے آزادی کا امرت مہااتسو پروگرام کے منانے کیلئے ضلعی سطح کے انٹر کالج ڈیبیٹ مقابلہ کا انعقاد کیا۔ اس مباحثہ کا انعقاد ڈیپارٹمنٹ آف ہائر ایجوکیشن کے پرنسپل سکریٹری روہت کنسل اور ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر یاسمین عشائی ہدایات کی رہنمائی پر ہوا۔ بحث کا موضوع ’’بھارت کی پائیدار ترقی میں خواتین کو بااختیار بنانے اور صنفی مساوات کے حصول کا کردار‘ تھا جبکہ پروگرام کا آغاز سرسوتی وندنا سے ہوا جس کے بعد چراغاں کی تقریب ہوئی۔ اس موقع پر ایس ایس پی منجیت کور مہمان خصوصی تھیں۔ اس پروگرام میں طلباء کو ڈاکٹر گیتانجلی رانا ڈین ہیومینیٹیز، کلسٹر یونیورسٹی جموں کلسٹر یونیورسٹی جموں کی پروفیسر نیتو کماری اور پروفیسر وشو رکشا سربراہ اور پروفیسر، شعبہ سوشیالوجی، جموں یونیورسٹی نے منتخب کیا۔ اس موقع پر گورنمنٹ ڈگری کالج اکھنور کی انجلی شرما کو فاتح قرار دیا گیا اور انہیں 5000 روپے نقد دیئے گئے جبکہ دوسرا انعام گورنمنٹ کالج برائے خواتین گاندھی نگر کی جیویکا مصری نے حاصل کیا۔ انھیں 3000 روپے نقد انعام دیا گیا۔ وہیں گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن جموں سے ہرشیتا شرما، گورنمنٹ ڈگری کالج پورمنڈل سے دیپیکا شرما اور ایم اے ایم کالج جموں سے آدتیہ بھردواج کو بھی انعامات و اعزازات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کالج کے پرنسپل کولویندر کور نے این ایس ایس رضاکاروں کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ مستقبل قریب میں آزادی کا امرت مہااتسو کے حصہ کے طور پر 15 مختلف سرگرمیاں بشمول مباحثہ مقابلہ، مضمون نویسی، پوسٹر سازی اور شجر کاری مہم وغیرہ کا انعقاد کیا جائے گا۔اس پروگرام کو ڈاکٹر شبھرا جموال، این ایس ایس پروگرام آفیسر، پروفیسر شاپیا شمیم بھٹی، پروفیسر سیما کماری، پروفیسر سریتا ڈوگرا اور پروفیسر نیرج ورما پر مشتمل آرگنائزنگ کمیٹی نے تشکیل دیا۔
پونچھ کی وارڈ نمبر چھ میں چوری کی واردات
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقام پر چوری کی وارداتوں میں روز بروز اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔اس دوران پونچھ کی وارڈ نمبر 6 محلہ کھوڑی ناڑ میں گزشتہ شب ایک چوری کی واردات پیش آئی اس دوران گھر کا تالا توڑ کر چوروں نے سونے کی دو انگوٹھیاں اور بیس ہزار روپئے چوری کر لئے۔متاثرہ خاتون جس نے اپنا نام روبینہ پروین بتایا کہاکہ وہ کسی کام کے سلسلہ میں رات کو باہر گئی اسی دوران رات دس بجے کے بعد یہ چوری کی واردات پیش آئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ غریب ہیں اور محنت مزدوری کرکے جو کچھ کمایا تھا وہ یہی تھا جسے چوری کر دیا گیا۔ انہوں نے ایس ایس پی پونچھ اور ایس ایچ او پونچھ سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں سخت کارروائی کرکے نقب زنوں کا پتہ لگائیں اور ان کی چوری کیا گیا سامان برآمد کریں۔اس دوران پولیس نے شکایت درج کرکے اپنی کاروائی شروع کر دی ہے۔
بے روز گار نوجوانوں میں گاڑیاں تقسیم کی گئیں
حسین محتشم
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے ضلع روزگار اور کونسلنگ آفس میں منعقدہ گاڑیوں کی تقسیم کی تقریب کے دوران فائدہ اٹھانے والے بے روزگاروں کو گاڑیوں کی چابیاں دیں۔ نقل و حمل کے شعبے میں پائیدار روزگار حاصل کرنے کے لئے بے روزگار نوجوانوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے ضلع روزگار اور مشاورتی مرکز (DE&CC) میں مشن یوتھ پروگرام کی ممکن اسکیم کے تحت ضلع کے بے روزگار نوجوانوں میں 05 چھوٹی کمرشل گاڑیاں تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ، محمد رفیق (KAS) نے بے روزگار نوجوانوں کو بتایا کہ مشن یوتھ پروگرام کے تحت حکومت جموں و کشمیر کے UT کے بے روزگار نوجوانوں کو پائیدار روزی فراہم کر رہی ہے اور بے روزگار نوجوانوں کو چھوٹی کمرشل گاڑیاں فراہم کی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا مشن یوتھ، جے اینڈ کے اور مینوفیکچررز کے ذریعہ مشترکہ طور پر فراہم کردہ گاڑی کی قیمت کی سبسڈی بھی دی جاتی ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ مشن یوتھ اسکیموں کے تحت تمام این پی اے استفادہ کنندگان کی اشرافیہ کے شعبوں سے مشاورت کی جائے،نیز بے روزگار نوجوانوں کو خود روزگار کی مختلف اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دینے کے لئے بیداری پروگرام منعقد کئے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں تک فائیدہ پہنچ سکے۔
بڈھا امر ناتھ یاتروں کیلئے لنگر مسلسل جاری
حسین محتشم
پونچھ//بڈھا امرناتھ یاترا کے دوران دشنامی اکھاڑہ پونچھ میں یاتریوں کیلئے لنگر کا معقول انتظام اس بار بھی جاری ہے۔اس لنگر میں ہر روز ہزاروں افراد کے لئے دو وقت کا کھانا بنایا جارہا ہے۔واضح رہے کہ یہ لنگر سابق ایم ایل سی اور پی ڈی پی کے سینئر لیڈر یشپال شرما جن کا حال ہی میں انتقال ہوگیا ہے کی جانب سے یہ سالہا سال شروع کیا گیا ہے جو ان کے لواحقین نے ان کی موت کے بعد بھی جاری رکھا ہے۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے سناتن دھرم سبھا پونچھ کے پردھان ستیش ساسن نے کہا کہ یہ ایک نیک کام ہے کیونکہ یہاں پر ہزاروں یاتریوں کی خدمت کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ یشپال شرما کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے یہ سلسلہ شروع کیا تھا اور اب ان کے بچوں اور ان کے دیگر رشتہ داروں کو بھی مبارک باد دے رہے ہیں جو یہ سلسلہ آگے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ایڈوکیٹ محمد زمان نے بھی یشپال شرما کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بڑی شخصیت تھے۔انہوں نے بھی یا شرما کے بچوں اور ان کے دیگر رشتہ داروں کو مبارکباد پیش کی۔ بیرونی ریاست سے آئے یاتریوں نے بھی لنگر میں کھانے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جن کی طرف سے بھی یہ سلسلہ شروع کیا گیا ہے یقینا لائق احترام ہیں۔
راجوری انتظامیہ کا قلعہ درہال میں ’پبلک آؤٹ ریچ‘ کیمپ
رمیش کیسر
نوشہرہ //ضلع انتظامیہ راجوری کی جانب سے نوشہرہ کے قلعہ درہال لام علاقہ میں ’پبلک آؤٹ ریچ‘ کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر، وکاس کنڈل نے سرحدی علاقے لام میں عوامی شکایات کا بغور جائزہ لیا ۔تقریب کے دوران، عوام اور ان کے نمائندوں نے اپنے علاقوں کے کئی مسائل اور مطالبات کو پیش کیا جن میں سڑکوں کی میکڈمائزیشن، صحت کی بہتر خدمات، اسکولوں کی اپ گریڈیشن، بی ایس این ایل ٹاور کی تعمیر، پانی کی کمی وغیرہ شامل ہیں۔مختلف محکموں کے افسران نے ضلع میں نافذ کی جانے والی متعدد اسکیموں پر بھی روشنی ڈالی اور عوام کو ان سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔ انہوں نے تقریب کے دوران عوام کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔ڈی ڈی سی نے اس موقع پر پیش کئے گئے تمام مسائل اور مطالبات کو صبر سے سنا اور انہیں تمام حقیقی خدشات کے معیار اور بروقت ازالہ کی یقین دہانی کرائی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ڈی سی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ضلع کو ترقی کی طرف لے جانے کے لئے بھر پور کوشش کر رہی ہے اور عوام الناس کی دہلیز پر سرکاری خدمات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ضلع انتظامیہ اپنے کام کاج میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرکاری خدمات کو مزید شفاف اور عوام کی آسانی سے قابل رسائی بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔اس موقعہ پر ایس ایس پی راجوری ،ڈی ڈی سی ممبر نوشہرہ ،بی ڈی سی قلعہ درہال کیساتھ ساتھ دیگر آفیسران و عوامی نمائدئے بھی موجود تھے ۔