جموں بار کی 29 اگست کو جموں بند کی کال | سی سی آئی جموں کی حمایت، ٹرانسپورٹروں کا حمایت سے انکار
سید امجد شاہ
جموں//جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے 29 اگست 2022 یعنی پیر کو جموں میں تمام ٹریبونل، رجسٹریشن آفس اور کمیشن کے قیام کے لیے ملٹی پرپز بلڈنگ کمپلیکس کی تعمیر کے مطالبے کی حمایت میں جموں بند کی کال دی ہے۔ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے بھی وکلاء باڈی کے مطالبات کے حوالے سے جموں بار ایسوسی ایشن کی حمایت کی ہے۔سی سی آئی جموں کے صدر ارون گپتا نے یہاں ایک مقامی میڈیا کو بتایا‘‘مارکیٹ ایسوسی ایشنوں نے ہم سے کہا ہے کہ وہ سی سی آئی فیصلے کے ساتھ ہیں۔ اس کے مطابق ہم نے انتظامیہ سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے میں تعطل کو دور کرنے کے لیے ایک میٹنگ منعقد کرے تاکہ حکام کی طرف سے کچھ یقین دہانی کرائی جا سکے۔ ہم نے پورا دن انتظار کیا اور کوئی جواب موصول نہیں ہوا “۔گپتا نے کہا کہ ہماری حمایت جموں بار کے ساتھ ہے لیکن اگر انتظامیہ کل تک کوئی یقین دہانی کراتی ہے تو ہم اس کا خیر مقدم کریں گے۔ اس وقت تک ہم ان کے مطالبات کا کوئی حل نہیں دیکھ سکتے۔ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں”۔جموں بار کے صدر ایڈوکیٹ ایم کے بھردواج نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم نے جموں بند کی کال دی ہے۔ ہم حکومت کے جواب کا انتظار کر رہے تھے کہ عدالت کے احاطے (جانی پور) کے اندر تمام ٹربیونلز، کمیشن اور رجسٹریشن کے کام کے لیے ایک کثیرمنزلہ کمپلیکس کی تعمیر کا حکم جاری کیا جائے تاہم، ہمیں ابھی تک ایسا کوئی حکم نہیں ملا ہے۔انکاکہناتھا”ہم نے ایک تفصیلی میٹنگ کی جس میں ابھرتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ جائزہ لینے کے بعد ہم نے متفقہ طور پر جموں کے ساتھ دیہاڑی داروں، راجپوت سبھا کے مسائل (جو مہاراجہ ہری سنگھ جی کے یوم پیدائش پر تعطیل کا مطالبہ کرتے ہیں)، کسانوں، غیر تعلیم یافتہ نوجوانوں، تاجروں اور دیگر کا حوالہ دیتے ہوئے جموں کے ساتھ مبینہ امتیازی سلوک کے خلاف مکمل جموں بند کی کال دینے کا فیصلہ کیا‘‘۔انہوں نے کہا کہ جموں خطہ کے تمام علاقوں کے تمام تاجروں نے 29 اگست کے بند کی کال کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا “ہم ہر ایک سے پرامن بند کال کی حمایت کرنے کی اپیل کرتے ہیں کیونکہ لوگ انتظامیہ سے ناخوش ہیں”۔دریں اثنا، آل جے اینڈ کے ٹرانسپورٹرس ویلفیئر ایسوسی ایشن نے جموں بند کال کی حمایت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔آل جے اینڈ کے ٹرانسپورٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین اجیت سنگھ نے کہا کہ “ہم سیاحوں، لوگوں اور طلباء کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے جموں بند کال کی حمایت نہیں کر رہے ہیں”۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق چلے گی کیونکہ پبلک ٹرانسپورٹ سڑک سے دور نہیں ہوگی۔اسی طرح، ایسوسی ایشن کے صدر وجے سنگھ چِب نے کہا کہ کووڈ 19 لاک ڈاؤن کے دوران ٹرانسپورٹروں کو بڑے پیمانے پر نقصان اٹھانا پڑا ہے اور “ہم بند کی کال کی حمایت کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں”۔
استعفیٰ کانگریس میں ’داخلی جمہوریت کی کمی ‘کو ظاہر کرتا ہے: جتیندر سنگھ
جموں// مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے ہفتہ کے روز کہا کہ غلام نبی آزاد کا کانگریس سے استعفیٰ پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے، حالانکہ اس سے پارٹی میں ’’داخلی جمہوریت کی کمی‘‘ ظاہر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہی ملک میں اپنی “جمہوری اقدار” کے ساتھ واحد آپشن بچا ہے۔انہوںنے آزاد کے استعفیٰ پر پوچھے جانے پر بتایا”یہ کانگریس کا اندرونی معاملہ ہے لیکن ایک جمہوری ملک کے ایک ذمہ دار شہری کے طور پرہر کوئی توقع کرتا ہے کہ ہر پارٹی میں اندرونی جمہوریت ہو، جس طرح ہم جمہوری اقدار کی پیروی کرتے ہیں”۔انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی میں اندرونی جمہوریت کی پیروی نہیں کی جاتی ہے تو یہ اس کے لیڈروں کے لیے پریشانی کا باعث ہے اور انہیں اس پر سوچنا چاہیے۔وزیر نے کہا کہ ایک حالیہ سروے نے وزیر اعظم نریندر مودی کو 75 فیصد کی منظوری کی درجہ بندی کے ساتھ “سب سے زیادہ مقبول عالمی رہنماؤں” کی فہرست میں سب سے اوپر رکھا ہے اور کانگریس کو بھی اس حقیقت پر فخر کرنا چاہئے۔ملک میں بی جے پی ہی واحد آپشن بچا ہے۔ مودی نہ صرف ملک میں مقبول ہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر ایک حالیہ سروے نے انہیں ایک بار پھر سرفہرست مقام پر پہنچا دیا، جو ہم سب کے لیے قابل فخر لمحہ ہے۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا بی جے پی آزاد کا استقبال کرے گی، انہوں نے کہا کہ یہ ان پر منحصر ہے کہ وہ اپنی اگلی کارروائی کا فیصلہ کریں “یہ اس کا فیصلہ ہوگا کہ آگے کیا کرنا ہے۔” انہوں نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ کا فیصلہ کرنا الیکشن کمیشن آف انڈیا کا اختیار ہے اور اس میں بی جے پی کا کوئی کردار نہیں ہے۔
استعفیٰ کے بعد خطہ چناب میں بھی سیاسی ہلچل
کئی ڈی ڈی سی کونسلر،بی ڈی سی چیئرپرسن،ضلع و بلاک سطحی عہدیدار کانگریس سے مستعفی
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //گذشتہ روز کانگریس کے سینئر لیڈر و سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد کی طرف سے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دینے کے ساتھ ہی وادی چناب میں ڈی ڈی سی کونسلروں، بی ڈی سی چیئرپرسنوں ،پنچائتی اراکین و کانگریس کے بلاک و ضلع سطحی عہدیداروں نے پارٹی کو خیر باد کہہ دیا ہے۔ادھر دو بار رہے ممبر قانون ساز کونسل و سینئر کانگریس لیڈر نریش کمار گپتا نے بھی جمعرات کی شام پارٹی سے علیحدگی اختیار کر کے غلام نبی آزاد کی حمایت میں کھڑے ہونے کا اعلان کیا ہے وہیں جمعہ کو ڈی ڈی سی کونسلر بھلیسہ چوہدری محمد اقبال، بی ڈی سی چیئرمین کاہرہ فاطمہ فاروق، ڈی ڈی سی کونسلر گھٹ گلشن آرا، بی ڈی سی چیئرمین جکیاس سکینہ بیگم، بلاک صدر کانگریس فاروق شکاری سمیت کئی سابق و موجودہ پنچائتی نمائندگان،ٹریڈ یونین کانگریس سے عہدیداروں نے غلام نبی آزاد کی حمایت میں پارٹی کی بنیادی رکنیت سے اپنے استعفے ہائی کمان کو روانہ کئے ہیں۔انہوں نے اپنے الگ الگ بیانات میں کانگریس قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آزاد نے جہاں پانچ دہائیوں تک مسلسل پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کیا ہے وہیں علاقائی، سیاسی، مذہبی و لسانی بنیادوں سے بالا تر ہو کر عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کئے ہیں۔
روم پڑی بانہال میں تعمیراتی کمپنی کی من مانی سے ٹریفک جام معمول
رات کے اوقات میں فورلین شاہراہ کا تعمیراتی کام انجام دیا جائے: عوام کی حکام سے اپیل
محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت بغیر کسی خلل کے جاری رہی تاہم بانہال کے روم پڑی علاقے میں تعمیراتی کمپنی کی کھدائی کی وجہ سے شاہراہ بند کر دی جاتی ہے جس کی وجہ سے پچھلے کئی روز سے یہاں ٹریفک کی نقل و حرکت متاثر رہتی ہے اور ٹریفک جام ہو جاتا ہے۔ ہفتے کی سہ پہر بعد بھی بانہال کے روم پڑی علاقے میں تعمیراتی کمپنی کی طرف سے دونوں طرف کے چلتے ٹریفک کو روک کر تعمیراتی کام کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے سرکاری ملازمین ، سکول اور بانہال کالج جانے والے بچوں، مریضوں اور ایمرجنسی نوعیت کی گاڑیوں حتی کہ ایمبولینس گاڑیوں کو کئی کئی گھنٹوں تک روک دیا جاتاہے۔ کئی مسافروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ روم پڑی کے مقام دن کے اوقات میں تعمیراتی کمپنی فورلین شاہراہ کی کھدائی کیلئے اوپر پہاڑی سے پتھر اور ملبہ نکال کر سڑک پر ڈال دیتی ہے جس کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی دو طرفہ آمدورفت کئی کئی گھنٹوں تک تھم جاتی ہے اور مسافروں کو ناقابل بیان مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ روم پڑی کے مقام فورلین شاہراہ کی تعمیر کا کام رات کے اوقات میں کیا جائے تاکہ مسافروں، ملازمین ، طالبعلموں اور مریضوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس دوران ہفتے کے روز شاہراہ پر دونوں طرف سے مسافر گاڑیوں کو چلنے کی اجازت تھی جبکہ مال بردار ٹرکوں کو وادی کشمیر سے جموں کی طرف چلنے کی اجازت تھی۔
جل شکتی محکمہ میں شکتی کی کمی : عام آدمی پارٹی
ڈیلی ویجروں کے جاری احتجاج کی حمایت کا اعادہ کیا
جموں//عام آدمی پارٹی نے ہفتہ کے روز جموں شہر میں پانی کی فراہمی کے خراب صورتحال کے لئے جموں و کشمیر ایل جی انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوے کہا کہ جل شکتی محکمے کی شکتی میں کمزوری نظر آرہی ہے اور حکومت نے اس محکمے کا نام پی ایچ ای سے بدل کر جل شکتی محکمہ رکھنے کے علاوہ اس محکمہ کے کچھ نہیں کیا۔عام آدمی پارٹی نے جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا جہاں پارٹی لیڈر امیت کپور نے میڈیا نمائندوں کو اس صورتحال کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ جموں کے تقریباً تمام علاقے پانی کی فراہمی کی قلت کا شکار ہیں اور محکمہ کی افرادی قوت ڈیلی ویجروں کے احتجاج کی وجہ سے کمزور ہو چکی ہے جس کے چلتے پانی کی بلا مزاحمت فراہمی غیر یقینی ہے۔عام آدمی پارٹی لیڈر امیت کپور نے کہا “اس حقیقت سے کوئی بھی انکار نہیں کر سکتا کہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے، ضرورت مبنی ورکرس، لینڈ ڈونرس اور محکمہ جل شکتی کے باقی غیر منظم ملازمین اس محکمہ کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جو محکمہ کے کام کرنے کی اصل طاقت ہیں”۔انہوں نے مزید کہا کہ ان غیر منظم کارکنوں کے جاری احتجاج کی وجہ سے مستقل ملازمین پر کام کا بوجھ بڑھ گیا ہے جو کہ ضرورت کے مطابق کام نہیں کر پا رہے ہیں اور یہ سب ایسی صورتحال کا باعث بن رہا ہے جس میں عام انسان کی ذندگی پانی کی کمی سے متاثر ہورہی ہے۔انہوںنے کہا کہ”جموں میں اِس وقت صرف دو قسم کے لوگوں کو پانی مل رہا ہے یا تو انْ خاندانوں کو جن کے پاس اپنے ہینڈ پمپ ہیں یا اْن کو جو مالی طور پر مضبوط خاندان ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر پانی کے ٹینکر کو کال کر سکتے ہیں “۔کپور نے مزید کہا کہ جموں میں دیگر تمام خاندانوں اور کاروباری اداروں کو چار سے پانچ دن کے وقفے کے بعد پانی کی سپلائی مل رہی ہے اور ایک عام آدمی اس مرطوب موسم میں پانی کے بحران میں بری طرح پسا ہوا ہے۔جل شکتی محکمہ کے غیر منظم کارکنوں کے جاری احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی لیڈر امیت کپور نے کہا کہ ان ملازمین کے تمام مطالبات حقیقی ہیں اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر بغیر کسی روک ٹوک کے حل کیا جانا چاہئے۔اے اے پی لیڈر کپور نے کہا کہ افسوسناک صورتحال یہ ہے کہ ایل جی انتظامیہ ان سے بات کرنے کی زحمت نہیں کر رہا ہے اور ایل جی انتظامیہ اٹل رویہ پر قائم ہے۔
پارٹی کی گھر گھر مہم میں تیزی
1 لاکھ 48 ہزار گھرانوں تک جا پہنچی
جموں//عام آدمی پارٹی کی گھر گھر مہم ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہی ہے جس میں پارٹی کے رضاکاروں نے عوامی رابطہ پروگرام کا ایک معیار قائم کرتے ہوے یوٹی میں ایک لاکھ اڑتالیس ہزار گھرانوں کا دورہ کیا۔عام آدمی پارٹی کی گھر گھر مہم کا مقصد عوامی رابطہ پروگرام کو فروغ دینے اور پارٹی کی پالیسیوں اور پروگراموں کو عوام کے دروازے تک پہنچانا ہے۔اس مہم کے تحت پارٹی کے خصوصی رضاکاروں کی ٹیمیں یوٹی بھر میں گھر گھر جا رہی ہیں اور لوگوں سے عام آدمی پارٹی کی پالیسیوں اور پروگراموں پر تبادلہ خیال کر رہی ہیں۔عام آدمی پارٹی نے کہا کہ مہم میں 9 اگست سے اب تک 18 دنوں میں 1,48,643 گھروں کا دورہ کیا گیا ہے اور یہ مہم ابھی بھی پوری رفتار سے جاری ہے۔
جی ایم سی جموں ومنسلک ہسپتالوں میں جاری پروجیکٹوں کا معائینہ
جموں//صحت اور طبی تعلیم کے سیکرٹری ( ایچ اینڈ ایم ای ) بھوپندر کمار نے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں اور اس سے وابستہ ہسپتالوں کا دورہ کیا اور جی ایم سی اور اے ایچ جے کے جاری بڑے پروجیکٹوں کا موقع پر معائینہ کیا ۔ سیکرٹری نے پی ایم ڈی پی کے منظور شدہ پراجیکٹ کا تفصیلی جائیزہ لیا جس میں بون اینڈ جوائینٹ ہسپتال اور سی ایس ایس کے منظور شدہ پراجیکٹس یعنی اسٹیٹ کینسر انسٹی ٹیوٹ ( ایس سی آئی ) سپراسپیشلٹی ہسپتال جموں اور آڈیٹوریم ، کیفٹیریا کی تعمیر بشمول چیسٹ ڈیزیز ہسپتال جموں میں پارکنگ شامل ہے ۔ دورے کے دوران سیکرٹری کو ڈاکٹر ششی سودھن شرما پرنسپل اور ڈین جی ایم سی جموں نے بون اینڈ جوائینٹ ہسپتال کے جاری کاموں کی صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ہسپتال جلد ہی آپریشن کیلئے تیار ہو جائے گا ۔ بھوپندر کمار نے عمل آوری ایجنسیوں سے کہا کہ وہ بون اینڈ جوائینٹ ہسپتال کے پروجیکٹ کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کریں جس میں لینڈ سکیپنگ ، باؤنڈری وال اور ہسپتال کے بیرونی حصے کی ترقی شامل ہے ۔ اسٹیٹ کینسر انسٹی ٹیوٹ آف سپر اسپیشلٹی ہسپتال جموں کے دورے کے دوران سیکرٹری نے ایگزیکیوٹنگ ایجنسیوں پر زور دیا کہ اس پروجیکٹ کو دو ماہ کے اندر مکمل کیا جائے ۔سی ڈی ہسپتال کے دورے کے دوران سیکرٹری کو بتایا گیا کہ آڈیٹوریم ، کیفے ٹیریا بشمول پارکنگ کی تعمیر مارچ 2023 تک مکمل کر لی جائے گی ۔ بھوپندر کمار نے عمل آوری ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ جنگی بنیادوں پر تمام پروجیکٹوں کے کاموں میں تیزی لائیں تا کہ ان اہم ڈیلیوریبلز کو مقررہ فریم ورک کے اندر مکمل کا جا سکے ۔ اپنے دورے کے دوران سیکرٹری ایچ اینڈ ایم ای کے ساتھ ایڈمنسٹریٹر جی ایم سی اینڈ اے ایچ جے اشونی کھجوریہ ، ایچ او ڈی ریڈیولوجی ڈاکٹر آشوتوش ، پروفیسر شعبہ آرتھو پیڈکس ڈاکٹر عبدالغنی ، متعلقہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹس ، عمل آوری ایجنسیوں کے افسران اور جی ایم سی جموں کے پلاننگ سیکشن کے افسران تھے ۔
دیہی انجمنوں،کلسٹر سطحی فیڈریشنوں کی بطور کواپریٹیو سوسائٹی رجسٹریشن
یشا مدگل نے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ایک میٹنگ کی صدارت کی
جموں//کوآپریٹیو ڈیپارٹمنٹ کی سکریٹری یاشا مدگل نے سول سیکرٹریٹ میں دیہی تنظیموں (VOs) اور کلسٹر لیول فیڈریشنز (CLFs) کی رجسٹریشن میں اپنائے جانے والے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ایک میٹنگ کی صدارت کی تاکہ دیہی خواتین کوآپریٹو ڈپارٹمنٹ کی مختلف اسکیموں، NCDC اسکیموں/ پروجیکٹوں کا فائدہ حاصل کرسکیں۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری کوآپریٹیو نے کہا کہ حالیہ ماضی میں جموں و کشمیر میں دودھ کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے اور فی کس کسانوں کی آمدنی میں جموں و کشمیر پنجاب اور ہریانہ کے بعد ملک میں تیسرے نمبر پر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویلج آرگنائزیشنز اور کلسٹر لیول فیڈریشنز کو کوآپریٹیو کے طور پر رجسٹرڈ ہونے کے بعد یہ فاضل دودھ کی پروسیسنگ اور زیادہ منافع حاصل کرنے کے لیے اپنی اپیکس لیول ملک فیڈریشن تشکیل دے سکتے ہیں۔سکریٹری نے یہ بھی تجویز پیش کی کہ NRLM کی دیہاتی تنظیموں کے رجسٹریشن کا عمل ستمبر 2022 میں ہی شروع کیا جا سکتا ہے اور بعد میں ثانوی کوآپریٹو سوسائٹیز کے طور پر سی ایل ایف کی رجسٹریشن کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ VOs کو J&K کوآپریٹو سوسائٹیز ایکٹ 1989 کے تحت رجسٹرڈ ہونے کی ضرورت ہے جس میں حکومت ابتدائی ہینڈ ہولڈنگ کر سکتی ہے، نئے رجسٹرڈ کوآپریٹیو کے کام کی نگرانی کر سکتی ہے اور ان کے مینجمنٹ/بورڈ کے انتخابات کرانے اور ان کے کوآپریٹیو کا آڈٹ کرانے میں بھی ان کی مدد کر سکتی ہے۔ سکریٹری نے یہ بھی رائے دی کہ کچھ VOs کو پرائمری ایگریکلچر کریڈٹ سوسائٹیز (PACS) کے طور پر بھی رجسٹر کیا جا سکتا ہے تاکہ وہ ڈسٹرکٹ سنٹرل کوآپریٹو بینکوں (سیکنڈری لیول) اور اسٹیٹ کوآپریٹو بینک (Apex Level) سے منسلک ہوں۔سیکریٹری نے یہ بھی ہدایت کی کہ دودھ پراسیسنگ پلانٹس کے قیام کے لیے زمین کی نشاندہی اور ڈی پی آر کی تیاری کا عمل بیک وقت شروع کیا جائے تاکہ محکمہ کا قیمتی وقت اس مشق میں ضائع نہ ہو۔مشن ڈائریکٹر NRLM نے میٹنگ کے دوران بتایا کہ NRLM کے تحت 3401 VOs اور 492 CLFs ہیں۔ انہوں نے اس بات کی تائید کی کہ جتنی تعداد میں کوآپریٹو سوسائٹیز رجسٹرڈ ہو سکتی ہیں اور یقین دلایا کہ NRLM کا فیلڈ سٹاف کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ کی مدد کرے گا اور کوآپریٹو سوسائٹیز کے طور پر زیادہ سے زیادہ VOs کی رجسٹریشن کو یقینی بنائے گا۔رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز نے اجلاس کو بتایا کہ رجسٹریشن کا عمل بہت آسان ہے اور VOs کے ممبران گھر بیٹھے آن لائن کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ رجسٹریشن کے عمل کو ایک بار شروع کرنے کے لیے ایک ماہ سے زیادہ کا وقت درکار نہیں ہے۔
کربلا کمپلیکس جموں میںعطیہ خون کا کیمپ منعقد
جموں//دنیا بھر کے 90 شہروں میں ٹیموں کے ساتھ سماجی انصاف کی تحریک “کون ہے حسین ؑ” کی طرف سے خون کے عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا ۔جموں میں یہ خون عطیہ کیمپ انجمن امامیہ جموں،موبلائزیشن ایجوکیشنل سوسائٹی لداخ، آل لداخ مسلم سٹوڈنٹ ایسوسی ایشن جموں کے اشتراک سے منعقد کیا گیا ۔اس عالمی مہم کے دوران مختلف طبقوں کے رضاکاروں کی ایک اچھی تعداد نے خون کا عطیہ دیا ہے ۔کیمپ کا افتتاح سینئر صحافی اور ممبر وقف بورڈسہیل کاظمی نے کیا۔انہوں نے خون کا ایک یونٹ بھی عطیہ کیا۔ سہیل کاظمی نے اس بات پر زور دیا کہ ہر فرد کو اس قسم کی مہمات میں شامل ہونا چاہیے جو کہ خالصتاً ضرورت مندوں کی مدد کے لیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خون کے عطیہ کے علاوہ کوئی بھی عطیہ کسی قیمتی جان کو نہیں بچا سکتا۔سید امانت شاہ صدر انجمن امامیہ جموں نے کہا کہ یہ کیمپ عام لوگوں میں خون کے عطیہ کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے منعقد کیا گیا تھا ۔پروفیسر شجاعت خان سکریٹری انجمن امامیہ جموں نے کہا کہ اس موقع پر عطیہ دہندگان کی طرف سے بیسیوں پوائنٹس خون کا عطیہ کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی انجمن ہر سال عاشورہ کے دن خون کا عطیہ دیتی ہے لیکن اس سال ہم نے ’’ WHo is Hussain‘‘ کے ذریعے خون کے عطیہ کی اس مہم میں شمولیت اختیار کی ہے ۔
3 منشیات فروش گرفتاری کے بعد بھدرواہ جیل منتقل
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //منشیات فروشوں کے خلاف اپنی مہم کو جاری رکھتے ہوئے ڈوڈہ پولیس نے تین اسمگلروں کو گرفتار کر کے بھدرواہ جیل میں بند کیا ہے۔ ضلع پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق بھدرواہ پولیس تھانہ میں منشیات کی اسمگلنگ کرنے و نوجوانوں کو اس لت میں ملوث کرنے کے حوالے سے متعدد شکایات ملنے پر کاظم اشرف ولد محمد اشرف ساکنہ مسجد محلہ، جہانگیر احمد ولد محمد احسان ساکنہ چکہ و محمد عاقب ولد اصغر شیخ ساکنہ گاٹھا بھدرواہ کو انسپکٹر جتندرا رکھوال کی قیادت میں ایک پولیس ٹیم نے پکڑ کر ایگزیکٹو مجسٹریٹ درجہ اول کے سامنے پیش کیا جس نے تین اسمگلروں کو منشیات کا غیر قانونی کاروبار کرنے کے الزام میں بھدرواہ جیل بھیجا گیا۔
بانہال میں پاگل کتے نے
2فورسز اہلکاروں سمیت11فراد کو کاٹ کھایا
محمد تسکین
بانہال// بانہال کے مضافاتی علاقوں میں بظاہر ایک پاگل کتے نے قریب ایک درجن افراد کو کاٹ کھایا۔ انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد ایمرجنسی ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا ہے۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ہفتے کی صبح بانہال کے لامبر ، عشر اور زنہال کے علاقوں میں ایک آوارہ کتے نے علاقے میں ہڑبونگ مچائی اور دوڑ دوڑ کر کم از کم گیارہ افراد کو کاٹ کھایا جس میں سی آر پی ایف کے دو اہلکار بھی شامل ہیں جبکہ اس واحد کتے کے حملے میں بیرون ریاست افراد اور لامبر عشر ، زنہال اور کراواہ کے کئی گاوں والے شامل ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ ہسپتال میں گیارہ افراد کو ابتدائی طبی امداد کیلئے لایا گیا اور ضروری علاج و معالجہ کے بعد انہیں جانے دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کتے جے اس حملے میں جو لوگ زخمی ہوئے ہیں ان میں بچلو سنگھ سی آر پی ایف اہلکار ، عظمی دختر فاروق احمد ، زینہ بیگم زوجہ عبدالستار ساکنہ زنہال ، تمنگ یادو سی آر پی ایف اہلکار ، سکھا سنگھ ساکنہ پنچاب ، گرپریت سنگھ ساکنہ پنجاب ، شوکت احمد ولد محمد رمضان لامبر ، مشتاق احمد ولد حبیب اللہ ساکنہ لامبر بانہال ، شوکت حسین ولد محمد حسین ساکنہ لامبر ، شبیر احمد ولد عبد الستار ساکنہ کراوہ ، سانیہ ایجاز دختر اعجاز احمد ساکنہ کراواہ عمر تین سال شامل ہیں۔
ٹریفک کی خلاف ورزیاں، کشتواڑ پولیس کی خصوصی مہم شروع
عاصف بٹ
کشتواڑ//پولیس تھانہ چھاترونے ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایک خصوصی مہم شروع کی تھی جس کی قیادت ایس ایچ اوچھاترو انسپکٹر پرویز احمد کھانڈے نے کی۔ مہم کے دوران کئی گاڑیوں کے چالان کئے گئے اور متعدد کو ضبط کیا گیا۔ ڈرائیونگ لائسنس اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑیوں،اضافی لوڈ کیریئرز کو اوور چارجنگ، اوور لوڈنگ پر خصوصی توجہ دی گئی۔ڈرائیوروں اوریونین کے سربراہوں کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ اوور چارجنگ سے بچنے کے لیے گاڑیوں پر ریٹ لسٹ لگائیں اور اے آر ٹی او کے مطابق ریٹ لسٹ ڈرائیوروں میں بھی تقسیم کی گئی۔ اوور لوڈنگ و کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے گاڑیوں پر لگے اضافی کیرئیر کو بھی ہٹا دیا گیا ۔
شیوسینا جموں سے ویشنو دیوی کیلئے
25 ستمبر کو 40ویں چھڑی یاترا نکالے گی
جموں//ماضی کی روایت کے عین مطابق شیو سینا جموں و کشمیر یونٹ نے 40 ویں چھڑی یاترا نکالنے کا فیصلہ کیا ہے جو 25 ستمبر نوراترا کے پہلے دن جموں سے ر وانہ ہوگی اور 26 ستمبر کو شری ماتا ویشنو دیوی کے مقدس غار میں چھڑی پوجن کرے گی۔ اس کے ساتھ ہی، مقدس چھڑی یاترا ماتا کول کنڈولی کے پہلے درشن کے بعد آگے بڑھے گی جس کا مقصد یاترا کی افسانوی نوعیت کو زندہ کرنا ہے۔ شیوسینا جموں و کشمیر یونٹ کے صدر منیش ساہنی نے کہا کہ 25 ستمبر کو مہاراجہ ہری سنگھ پارک میں ایک عظیم الشان پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا جہاں اکھنڈ جیوتی اور مقدس چھڑی کے درشن اور پوجا کے بعد ایک عظیم الشان بھنڈارا کا اہتمام کیا جائے گا جس کے بعد ایک عظیم الشان جلوس کی شکل میں چھڑی یاترا اکھنڈ جیوتی کے ساتھ رگھوناتھ بازار، پرانی منڈی اور نگروٹا کے کول کنڈولی مندر سے گزرنے کے بعد کٹرہ کے لیے روانہ ہوگی۔ پہلی شردھیہ نوراتری کی پوجا 26 ستمبر 2022 کوماتا ویشنو دیوی کے مقدس غار میں پوری رسومات کے ساتھ کی جائے گی۔ساہنی نے کہا کہ اس چھڑی یاترا میں پارٹی ہائی کمان کے کئی سینئر لیڈر اور پنجاب، مہاراشٹر، ہماچل، ہریانہ، یوپی اور گجرات کے عقیدت مند شرکت کریں گے۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بڑے جوش و خروش کے ساتھ اس یاترا کا حصہ بنیں اور ماں ویشنو دیوی کا آشیرواد حاصل کریں۔ساہنی نے کہا کہ مقدس چھڑی یاترا کے تعلق سے ضلع مجسٹریٹ کو تحریری جانکاری دی جارہی ہے اور امید ہے کہ انتظامیہ اس مقدس یاترا کو کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون کرے گی۔
بجلی ITIڈپلومہ ہولڈر وں کی
ڈی پی سی منعقد کرنے کی اپیل
جموں//محکمہ بجلی کے جے کے آئی ٹی آئی ڈپلومہ ہولڈرس یونین کی ایک میٹنگ جموں میں جسبیر سنگھ، صدر جموں کی قیادت میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں صوبہ جموں کے تمام اضلاع سے ممبران نے شرکت کی اور آئی ٹی آئی ملازمین کے مسائل اور برطرفیوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ٹیکنیشن III کی سنیارٹی لسٹ کی بنیاد پر ڈی پی سی کا انعقاد جیسے سرکلرکے ذریعے جاری کیا گیا۔ مذکورہ سنیارٹی پچھلے دو برسوں سے پبلک ڈومین میں ہے اور ڈی پی سی کو مقررہ وقت میں منعقد کرنے کے لئے چیف سکریٹری کی صدارت میں منعقدہ COS میٹنگ کی ہدایت کے باوجود آج تک DPC منعقد نہیں کی گئی۔ یونین نے پرنسپل سکریٹری بجلی کے ساتھ ہونے والی میٹنگ کو بھی یاد کیا جہاں انہوں نے DPC کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے پر اتفاق کیاتھا۔ میٹنگ نے پرنسپل سکریٹری سے درخواست کی گئی کہ وہ مداخلت کریں اور مسائل کو مقررہ وقت میں حل کریں۔ممبران نے چیف انجینئر جے پی ڈی سی ایل سے جلد از جلد ڈی پی سی بلانے اور ٹیکنیشن III کی ڈی پی سی کو ترجیحی بنیادوں پر منعقد کرنے کی اپیل کی۔
بانہال میں ادویہ کی دکانوں کا معائنہ
رام بن//ڈرگ اینڈ فوڈ کنٹرول آرگنائزیشن رام بن نے سب ڈویژن بانہال میں کئی میڈیکل سٹوروں کا معائنہ کیا تاکہ مریضوں کے لیے معیاری، محفوظ اور موثر ادویات کی جانچ کی جاسکے۔ڈرگ کنٹرول آفیسر رام بن امتیاز احمد نے بانہال علاقہ کے دیہات اشعر، زنہال اور کسکوٹ میں وسیع پیمانے پر معائنہ کیا اور دو میڈیکل اسٹوروں کو ڈرگس اینڈ کاسمیٹکس ایکٹ 1940 کی خلاف ورزی پر موقع پر ہی سیل کردیا۔ مریضوں کے لیے معیاری، محفوظ اور موثر ادویات کو یقینی بنانے کے لیے، کوالٹی کے پیرامیٹرز کا پتہ لگانے کے لیے دواؤں کے پانچ نمونے بھی بے ترتیب بنیادوں پر اٹھا لیے گئے اور انھیں اسٹیٹ ٹیسٹنگ لیبارٹری کو بھیجا جائے گا۔
ڈوڈہ میں ایل جیز رولنگ ٹرافی کا اہتمام
ڈوڈہ//محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس ڈوڈہ نے ہفتہ کو مشن یوتھ کے تحت ایل جی کی رولنگ ٹرافی کا آغاز کیا۔ 10 زونز کے کرکٹ کھلاڑی اس میگا ایونٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ یوتھ سروسز سپورٹس آفیسر جعفر حیدر شیخ 3 روزہ ایونٹ کی نگرانی کر رہے ہیں۔کل سے تمام 10 زونوں میں 3 روزہ کرکٹ ٹرائل کم سلیکشن کے پہلے مرحلے میں تقریباً 700 کھلاڑیوں نے ٹرائل میں حصہ لیا۔یہ بتایا گیا ہے کہ محکمہ کے تمام زونز میں کرکٹ جاننے والے پینل/کمیٹی نے دوسرے مرحلے کے انٹر زونل ڈسٹرکٹ لیول مقابلے 2022 کے لیے ہر زون سے بہترین 16 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے۔
ضلع جموں میں کئی سکولوں کا معائنہ
جموں//جوائنٹ ڈائریکٹر (جے ایس کے) سباح مہتا نے ضلع جموں کے کئی سرکاری سکولوں کا اچانک معائنہ کیا۔ جوائنٹ ڈائریکٹر نے پیرنٹ ٹیچر میٹنگ (پی ٹی ایم) کے دن گورنمنٹ گرلز مڈل سکول چک چنگروان، چنور اور گورنمنٹ مڈل سکول کیریاں کا معائنہ کیا اور اداروں کے سربراہوں کو ہدایت کی کہ وہ ورک کلچر کو بہتر بنائیں اور تعلیم کا معیار بلند کریں۔
پوجا ٹھاکر کی سی جی ایم سی وائی پی پی کے ساتھ میٹنگ
عاصف بٹ
کشتواڑ//چیئرپرسن ضلع ترقیاتی کونسل کشتواڑ پوجا ٹھاکر نے اپنے دفتر میں سی جی ایم سی وی پی پی پکل ڈول کے ساتھ میٹنگ کی۔ ملاقات میں مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں کوڑیا سے ڈنگڈورو تک سڑک کی چوڑائی، لوکل ایریا ڈیولپمنٹ فنڈز کا نفاذ اور دیگر مختلف مقامی مسائل شامل تھے۔ سی جی ایم سی وی پی پی نے چیئرپرسن کو مطلع کیا کہ انہوں نے سڑک کو چوڑا کرنے کا معاملہ سینئر حکام کے ساتھ اٹھایا ہے اور جلد ہی اس کا مثبت نتیجہ سامنے آئے گا۔ انہوں نے مزید یقین دلایا کہ وہ لوکل ایریا ڈیولپمنٹ فنڈز کے تحت منصوبوں کو جلد از جلد عملی جامہ پہنانے کے لیے ضلع انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔