سری نگر// پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن (پی اے جی ڈی) نے لوگوں سے جموں و کشمیر کی خصوصی پوزیشن کی بحالی کے لئے پرامن طریقے سے جدوجہد جاری رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے کی تنسیخ کے بعد لوگوں کی نوکریاں اور قدرتی وسائل پر ان کے حقوق کو چھینا جا رہا ہے۔
پی اے جی ڈی کے ترجمان محمد یوسف تاریگامی نے بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ جموں و کشمیر کے لیڈروں کی کل جماعتی میٹنگ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئی ہے کیونکہ مرکزی حکومت نے دلی اور جموں و کشمیر کے لوگوں کے درمیان پیدا شدہ دوری کو پاٹنے کے لئے اعتماد سازی کے کوئی اقدام نہیں کئے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا ’نیا کشمیر ‘ایک مذاق ثابت ہوا ہے اور آج جموں و کشمیر دلی سے جس قدر دور ہے اتنا ماضی میں کبھی نہیں رہا ہے۔