عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی اگنو ملک بھر میں 30 لاکھ سے زیادہ طلباء کی تعلیمی امنگوں کو پورا کرنے میں سب سے آگے رہی ہے۔اگنوکے سکول آف ایگریکلچر نے ماسٹر آف بزنس ایڈمنسٹریشن (ایگری بزنس مینجمنٹ) کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد زرعی کاروبار اور کسانوں کی معیشت کو فروغ دینے کیلئے قابل کاروباری پیشہ ور افراد کو تیار کرنا ہے۔ ملک کی مسلسل بڑھتی ہوئی آبادی کو روزی روٹی اور غذائی تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے زراعت قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ حکومت، کسان برادری اور دیگر اسٹیک ہولڈروں کی بھرپور کوششوں سے زرعی شعبے میں شاندار ترقی ہوئی ہے۔ تمام تر کوششوں کے باوجود زرعی شعبے میں منافع اور کارکردگی کو بڑھانے کی مزید گنجائش موجود ہے۔ زرعی شعبے میں دیہی نوجوانوں کو برقرار رکھنا ایک بڑا چیلنج ہے اور یہ زرعی شعبے کو منافع بخش بنا کر حاصل کیا جا سکتا ہے۔ مختلف فارم پر مبنی کاروباری اداروں اور سٹارٹ اپس کو متعارف کروا کر آمدنی بڑھانے کی سرگرمیوں کو فروغ دینا ضروری ہے۔ حالیہ رجحانات سے پتہ چلتا ہے کہ زراعت نہ صرف صنعتی ممالک میں بلکہ ترقی پذیر ممالک میں بھی زیادہ تجارتی ہو رہی ہے۔زراعت کے شعبے میں قابل کاروباری پیشہ ور افراد کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکول آف ایگریکلچراگنو نئی دہلی نے ایک نیا فاصلاتی تعلیم کا پروگرام شروع کیا ہے جس کا نام ماسٹر آف بزنس ایڈمنسٹریشن ہے۔ یہ پروگرام زرعی کاروبار اور زراعت پر مبنی صنعتوں کو منافع بخش طریقے سے منظم کرنے کے لیے کاروباری پیشہ ور افراد کو تیار کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
MBAABM پروگرام انتظامی مہارتوں کو فروغ دیتا ہے اور ضرورت پر مبنی تعلیم بھی فراہم کرے گا، کارکردگی میں اضافہ کرے گا اور زراعت کے شعبے میں زیادہ معاش اور منافع پیدا کرے گا تاکہ زرعی کاروبار سے وابستہ افراد کیلئے سماجی و اقتصادی حالات کو بہتر بنایا جا سکے۔ یہ پروگرام 2 سال کی مدت کا ہے اور اسے زیادہ سے زیادہ 4 سال کی مدت میں مکمل کیا جا سکتا ہے۔ کسی بھی شعبے میں بیچلر کی ڈگری کے حامل امیدوار ایم بی اے ایگری بزنس مینجمنٹ پروگرام میں داخلہ لینے کے اہل ہیں۔ ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر اے ایچ رضوی نے کہا کہ پروگرام میں داخلہ جولائی 2024 کے سیشن کیلئے کھلا ہے۔یہ پروگرام سرینگر میں اگنو کے ایک اسٹدی سنٹر زنانہ کالج سرینگر میںپیش کیا جائے گا۔