عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر میں اگلے4 دنوں کے دوران یکے بعد دیگرے دو ویسٹرن ڈسٹربنس سے بارش اور برف باری کا امکان ہے۔موسمیاتی مرکز سرینگر نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کے ساتھ موسم عام طور پر ابر آلود رہے گا۔محکمہ نے کہا کہ 13 مارچ کے دوران وسیع مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش یا برفباری کا امکان ہے جبکہ 14 مارچ کو چند مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری ہوسکتی ہے۔انکا کہنا ہے کہ15 سے 18 مارچ کے دوران موسم عام طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔ادھرکشمیر ویدر نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے 5 دنوں میں یکے بعد دیگرے دو مغربی ڈسٹربنس جموں و کشمیر کو متاثر کرنے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 11مارچ کو عام طور پر ہلکی بارش اور کچھ علاقوں میں ممکنہ طور پر ہلکی برفباری ہوسکتی ہے۔12مارچ کو کوئیقابل ذکر موسمی سرگرمی نہیں ہوگی، البتہ ہلکی بارش یا برف باری دور دور کچھ علاقوں میں ہوسکتی ہے۔ 13 اور 14 مارچ کو بیشتر علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش یا برفباری کا امکان ہے۔ اس عرصے کے دوران چند اونچی جگہوں پر بھاری برف باری بھی ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران دن کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔ ادھرگلمرگ کو چھوڑ کر اتوار کو وادی کشمیر کے تمام اسٹیشنوں پر رات کا درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ کیا گیا۔سرینگر میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات 2.2 سینٹی گریڈ کم سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ قاضی گنڈ میں1.4 ،پہلگام میں -2.5 ،گلمرگ میں -3.4C ،کپوارہ میں -0.5 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔