اگلے 25سال آیوش کے ہوں گے :مودی
جام نگر// وزیر اعظم نریندر مودی نے کورونا وبا اور بدلتے طرز زندگی کا حوالہ دیتے ہوئے منگل کو کہا کہ دنیا میں اگلے 25 سال آیوش طریقہ طب اور نیچروپیتھی کے ہوں گے ۔یہاں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن گلوبل سینٹر فار ٹریڈیشنل میڈیسن کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد مسٹر مودی نے کہا کہ کورونا وبا نے پوری دنیا میں طبی نظام اور طرز زندگی میں زبردست تبدیلیاں برپا کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں لوگ موجودہ طبی نظام اور طرز زندگی کے متبادل کی تلاش میں ہیں۔اس موقع پر ماریشس کے وزیر اعظم پرویندر جگناتھ اور عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس گھبریئس، آیوش کے مرکزی وزیر سربانند سونووال، صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر منسکھ منڈاویہ اور گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل، آیوش کے وزیر مملکت ڈاکٹر مہندر بھائی کالو بھائی منجوپارا اور دیگر معززین موجود تھے ۔مسٹر مودی نے کہا کہ جب ہندوستان اپنی آزادی کے سو سال مکمل کر رہا ہو گا، تب پوری دنیا آیوش طریقہ طب اور نیچروپیتھی کے نظام کی طرف بڑھ چکی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ طب اور طرز زندگی کا آیوش طریقہ علاج لوگوں کی صحت اور بھلائی کا منتر ہوگا۔وزیر اعظم نے کہا کہ اگلے 25 سالوں میں دنیا میں صحت کے شعبے میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگا اور جام نگر میں بنایا جانے والا یہ مرکز اس میں اہم کردار ادا کرے گا۔ آیوروید کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحت کے پورے شعبے کو مجموعی طور پر دیکھنے کی ضرورت ہے ، آیوروید نہ صرف جسمانی صحت کی بات کرتا ہے بلکہ اس میں ذہنی صحت بھی شامل ہے ۔