عظمیٰ نیوزسروس
جموں// بی جے پی جموں و کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ کا کہنا ہے کہ اب کی بار جموں کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر میں بھی کنول کا پھول کھلے گا۔انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ جموں وکشمیر میں اگلی سرکار بی جے پی کی ہی ہوگی۔موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں پارٹی ہیڈ کوارٹر پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا’ ’جس طرح لوگوں نے انتخابات میں حصہ لیا اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی کی شاندار جیت ہوگی اور جموں کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر میں بھی اب کی بار کنول کے پھول کھلیں گے‘‘۔ان کا کہنا تھا’’اسمبلی انتخابات میں جموں کے ساتھ ساتھ کشمیر میں بھی لوگوں نے بی جے پی کو سپورٹ کیا‘‘۔ رینہ نے کہا کہ جس طرح سے جموں وکشمیر کے لوگوں نے بڑھ چڑھ کر انتخابات میں حصہ لیا تو مجھے امید ہے کہ بی جے پی بھاری اکثریت سے سرکار میں آئے گی۔انہوں نے کہا’’وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے گذشتہ دس برسوں کے دوران جموں وکشمیر کے لئے تعمیر و ترقی کے کام انجام دئے اسی کا نتیجہ ہے کہ لوگوں نے انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا‘‘۔ان کا کہنا تھا’’جموں صوبے کے تمام اضلاع کی طرح وادی کشمیر کے بھی تمام اضلاع میں بھی اسمبلی انتخابات انتہائی شاندار اور پُر امن طریقے سے منعقد ہوئے‘‘۔موصوف صدر نے کہا کہ بی جے پی کا مشن سب کا ساتھ، سب کا وکاس اور سب کا وشواس ہے اور جو اگلی سرکار بنے گی وہ اس مشن کو آگے بڑٖھائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی قیادت میں جموں وکشمیر ترقی کی نئی بلندیوں پر پہنچ گیا اور یہاں قیام امن ممکن ہوا۔رویندر رینہ نے جموں وکشمیر میں خوشگوار اور پُر امن طریقے سے اسمبلی انتخابات منعقد ہونے پر جموں وکشمیر کے لوگوں، جموں وکشمیر پولیس، پیرا ملٹری فورسز، الیکشن کمیشن آف انڈیا، اس کے عملے اور دیگر متعلقین کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے جموں و کشمیر میں ہوئی ریکارڈ توڑ ووٹنگ کے لئے لوگوں کو مبارکباد پیش کی۔