نئی دہلی// مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ملک کے حفاظتی اداروں کیلئے ’’اکیلے حملہ کرنے والے ‘‘ اور ’’خود ہی کام کرنے والے‘‘جنگجو بڑاچیلنج ہیں۔نیشنل سیکورٹی گارڈس کے 34ویں یوم تاسیس کی تقریب کے موقعہ پر کمانڈوزسے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حفاظتی دستوں نے بہترین تال میل کا کام کیا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا کہ2008کے ممبئی حملوں کے بعد ملک میں کوئی بڑادہشت گرد ی کاحملہ نہیں ہوا۔انہوں نے نیویارک اور لندن کے حالیہ حملوںکی طرف اشارہ کیا جہاں چلتی گاڑیوں کااستعمال کرکے متعدد لوگوں کو کچلا گیا۔سنگھ نے کہا کہ جنگجوئوں کی طرف سے ’’خود ہی کرو‘‘اور’’اکیلے کرو‘‘کے حملے حفاظتی ایجنسیوں کیلئے ایک بڑا چیلنج ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے حملوں کو روکنے کیلئے ہمیں اپنی حکمت عملی کو بدلتے رہنا ہوگا۔راجناتھ سنگھ نے کہا کہ دہشت گردی کسی ایک خاص ملک تک محدود نہیں ہے بلکہ اس سے پوری دنیا کی آبادی متاثر ہے۔سوشل میڈیانے اِن کے نظریہ کی تشہیر میں کافی مدد دی ہے۔نیشنل سیکورٹی گارڈ اور دیگر حفاظتی دستوں اور ایجنسیوں کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ لوگ جموں کشمیر کے بغیر پورے ملک میں2008کے بعدکسی بھی بڑے دہشت گردانہ حملے کو رونما ہونے نہ دینے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اب ہم نے جموں کشمیر میں نیشنل سیکورٹی گارڈس کے ایک یونٹ کو تعینات کیاہے۔راجناتھ سنگھ نے ریاستی پولیس سربراہوں سے بھی کہا کہ وہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کریں کیونکہ وہ ہی پہلے دہشت گردی کا شکار ہوں گے جب کوئی دہشت گرد حملہ ہوگا۔