محمد تسکین
بانہال// سب ڈویژن رامسو کے اْکھڑال مارکیٹ علاقے میں سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب آگ کی ایک ہولناک واردات میں دو کثیر منزلہ عمارتوں میں کم از کم دس دکانیں اور تین سٹور لاکھوں روپئے کے مالیت کے سامان سمیت جل کر راکھ ہوگئی ہیں اور ان عمارتوں میں کم از کم چھ کرایہ داروں کا مال و اسباب بھی تباہ ہوگیا ہے۔ہفتے اور اتوار کی رات اْکھڑال مارکیٹ میں رونما ہوئی آگ کی واردات کے فوراً بعد مقامی لوگوں ، فوج اور پولیس کی طرف سے آگ بجھانے اور سامان نکالنے کی کوشش کی گئی لیکن آگ کی لپٹوں کے سامنے ان کی ایک نہ چلی۔ اس کے بعد فائر سروسز کے فائر بریگیڈ جائے حادثہ پر پہنچے اور انہوں نے آگ کو مزید پھیلنے سے پہلے ہی روک لیا تاہم تب لاکھوں روپئے مالیت کی املاک خاکستر ہوگئی تھی۔ اْکھڑال پوگل پرستان میں فائر سروسز موجود نہ ہونے کے خلاف لوگوں نے اتوار کی صبح احتجاجی مظاہرے کئے اور مقامی روڈ پر دھرنا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اْکڑال پوگل پرستان کے علاقوں میں ماضی میں آگ کی کئی وارداتوں میں کروڑوں روپئے کی املاک خاکستر ہوئی ہے مگر اس دور افتادہ علاقے میں فائر سٹیشن قائم نہیں کیا گیا ہے۔اس دوران ڈپٹی کمشنر رام بن بصیر الحق چوہدری نے سوشل نیٹ ورک سائٹ X پر ایک پوسٹ میں اْکھڑہال پوگل پرستان اور کھڑی کیلئے ایک فائر سروسز سٹیشن قائم کرنے کا فوری حکم دیا ہے۔ مقامی لوگوں اور عوامی نمائندوں نے ڈپٹی کمشنر رام بن کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے ڈی سی رام بن کا شکریہ آدا کیا ہے۔