بانہال// ضلع رام بن کے تحصیل اکڑال ، پوگل پرستان اور رام سو کے علاقوں میںگذشتہ دو دنوں سے بجلی سپلائی غائب ہے جس کے باعث مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مقامی لوگوں کے مطابق علاقے میں کسی جگہ پر بجلی کی دو تاریں گر جانے کے بعد ابھی تک محکمہ پی ڈی ڈی کی طرف سے ان علاقوں میں بجلی کی سپلائی بحال نہ کی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق یہ تاریں گر جانے کی وجہ سے اکھڑال ،سینا بتی ، آلنباس ، پوگل پرستان ، سوجمتنہ ، اہمہ ، دردہی ، رامسو ، چکہ ، سربگھنی اور اس کے ملحقہ علاقوںمیں بجلی گل ہے اور ہزاروں کی آبادی گُھپ اندھیرے میں ڈوبی ہوئی ہے۔مقامی لوگوں کا الزم ہے کہ متعلقہ محکمہ کے ملازمین کی طرف سے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے ہزاروں کی آبادی کو گذشتہ دو دنوں سے بنا بجلی کے ہی راتیں گذارنی پڑ رہی ہیں ۔ ان کا مزید الزام ہے کہ موسم سرما کے ایام میں بھی ان علاقوں میں مہینوں تک بجلی غائب رہی اور آج ایک بار پھر گذشتہ دو دنوں سے یہ علاقے گھپ اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں ۔ اُنہوں نے بتایا کہ محکمہ کے انجینئروں اور یہاں تعینات دیگر ملازمین کو بار بار کی گذارشات کے باوجود وہ ابھی تک ان علاقوں میں بجلی کی سپلائی کو بحال نہ کر سکے ہیں اور لوگوں کو لگاتار مشکلات میں ڈالے رکھا ہے ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ کسی جگہ پر علاقے میں بجلی کے دو سپین گر جانے کے بعد محکمہ دو دنوں سے ان تاروں کو جوڑ نہیں پا رہا ہے جو کہ ایک المیہ ہے ۔ انہوں نے مزید الزام عائید کیا ہے کہ بجلی سپلائی کی لائینوں میں غیر معیاری میٹریل کے استعمال سے ان علاقوں میں بار بار فالٹ آرہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ بنا بجلی کے ہی صارفین کو بجلی کے بلوں کی ادائیگی بھی ادا کر نی پڑ رہی ہے ۔ آلنباس کے لوگوں نے دو ہفتے قبل علاقے میں بجلی کی ناقص سپلائی کے خلاف علاقے میں ایک احتجاج بھی کیا تھا اور آج ایک بار پھر محکمہ اپنی فرائض اور ذمہ داری کو بخوبی نہیں نبھا رہے ہیں ۔ اسی طرح رام بن کے گنوت کے ادھ درجن کے قریب علاقے محکمہ بجلی کے ایک مقامی لائین مین کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ایک ہفتے سے بجلی کے بغیر ہیں ۔ مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ باٹی ، ترشہارین ، برٹنن وغیرہ کے علاقوں میں شیڈول کاسٹ آبادی آباد ہے اور محکمہ بجلی کے لائین مین اور انجینئر غریبوں کی اس بستی کی طرف عدم توجہی کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ محکمہ بجلی کی طرف سے بجلی کی فیس باقاعدہ لی جاتی ہے لیکن بجلی کے بدلے لوگوں کا مقدر گھپ اندھیروں کی نظر ہوگیا ہے ۔ انہوں نے حکام سے اس اہم مسئلے کی طرف توجہ دینے کی اپیل کی ہے اور گنوت کے علاقوں میں بجلی کی باقاعدہ فراہمی کو یقینی بنانے کی اپیل کی ہے ۔