سمیت بھارگو
راجوری//اکھنور سیکٹر کے کیری بٹل علاقے میں لائن آف کنٹرول(ایل او سی) پر دیسی ساختہ دھماکہ خیز ڈیوائس(آئی ای ڈی)دھماکے میں فوج کا ایک کیپٹن اور ایک نائیک ہلاک ہوگئے۔فوج نے لائن آف کنٹرول اور فوری طور پر اندرونی علاقوں بڑے پیمانے پر تلاشی شروع کردی ہے۔حکام کے مطابق، فوج کی ایک گشتی ٹیم لائن آف کنٹرول (پر اکھنور سیکٹر کے کیری بٹل کے لالالی علاقے میں ایک آگے کی جگہ پر اپنے معمول کے کام پر تھی۔یہ علاقہ جموں کے اکھنور سب ڈویژن کے کھور پولیس سٹیشن کے تحت آتا ہے۔جب فوج کی گشتی ٹیم معمول کے مطابق آگے کی جگہ پر جارہی تھی، سہ پہر 3بجکر 50منٹ پر LOCپر خار دار تار کے نزدیک ایک زور دار دھماکا ہوا جس کے بارے میں شبہ ہے کہ یہ ایک دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی)کی وجہ سے ہوا ۔اس دھماکے میں پورا علاقہ لرز اٹھا۔ بارودی سرنگ دھماکے میں کئی فوجی اہلکار زخمی ہوئے جنہیں بعد میں جائے وقوعہ سے نکال کر قریبی فوجی طبی مرکز میں لے جایا گیا جہاں2 زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔مہلوک اہلکاروں میں کیپٹن کرم جیت سنگھ بخشی اورLOC پر تعینات آرمی بٹالین کے نائیک مکیش شامل ہیں۔سرکاری ذرائع نے اسے ایک سنگین واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بارڈر ایکشن ٹیم(بی اے ٹی)کی طرف سے سرحد پار سے نصب کیا گیا آئی ای ڈی اس دھماکہ کی وجہ سمجھا جاتا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایک روز قبل پیر کے روز کلال نوشہرہ راجوری علاقے میںکیری سیکٹر میں جنگل میں چھپے ملی ٹینٹوں کی سائپر فائر سے ایک فوجی اہلکار شدید زخمی ہوا تھا۔بھارتی فوج کی شمالی کمان نے ایک بیان میں کہا”لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سچندرا کمار، آرمی کمانڈر شمالی کمان اور دھروا کمانڈ (ناردرن کمانڈ)کے تمام رینک اکھنور میں ایک مشتبہ آئی ای ڈی دھماکے میں بہادر کیپٹن کرم جیت سنگھ بخشی اور نائیک مکیش کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں” ۔فوج نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں دھروا کمان سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔دوسری جانب بھارتی فوج نے علاقے کو گھیرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی شروع کر دی ہے۔وائٹ نائٹ کور نے کہا کہ وہ بہادر سپاہیوں کی عظیم قربانی کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتی ہے” ۔
ایل جی کا خراج
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اکھنور میں اپنی ڈیوٹی سرانجام دیتے ہوئے جانیں قربان کرنے والے بہادر جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا میں اپنے فوج کے بہادروں کی اعلیٰ قربانی کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی ڈیوٹی کے دوران اپنی جانیں قربان کیں،ان کی بہادری اور قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا ۔ اس غم کی گھڑی میں پوری قوم شہدا کے اہلِ خانہ کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے ۔