جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے اڑی علاقہ سے سڑوتی جانے والی رابطہ سڑک انتہائی خستہ حالی کا شکار ہوتی جارہی ہے جبکہ اس سڑک کا نکاسی نظام مفلوج ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کی زرعی زمینوں اور رہائشی مکانات کو خطرہ لائق ہوگیا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک پر تارکول 3ماہ میں ہی اکھڑ گئی جس کے بعد سڑک کھڈوں میں تبدیل ہو تی جارہی ہے ۔عام لوگوں نے محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ تا ر کول بچھاتے ہوئے انتہائی غیر معیاری ساز و سامان کا استعمال کیاگیا جس کی وجہ سے ا ب سڑک ایک عام راستے کی مانند ہو چکی ہے جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹروں و عام مسافروں کے ساتھ ساتھ رہائشی لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ رابطہ سڑک کی مدد سے ایک وسیع آبادی کو فائدہ پہنچ رہا تھا لیکن محکمہ کی نا اہلی و غیر سنجیدگی کی وجہ سے اب مکینوں کو مشکلات درپیش ہیں ۔لوگوں نے بتایا کہ سڑک پر نالیاں و حفاظتی باندھ نہ ہونے کی وجہ سے بارشوں کا پانی لوگوں کی فصلیں اور رہائشی مکانات کو متاثر کررہا ہے ۔پنچایتی اراکین و عام لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ سڑک کو بہتر بنایا جائے جبکہ غیر معیاری مٹریل کے استعمال کا بھی نوٹس لیا جائے ۔
اڑی ۔سڑوتی رابطہ سڑک کا حال بے حال تارکول 3ماہ میں اکھڑ گئی ،نکاسی کا کوئی نظام ہی نہیں
